حکومت پنجاب نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمدمیں رکاوٹ ہے، اب وقت آگیا ہے کہ حکومت انسانوں کو اپنی ترجیح بنائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیائع کو روکا جا سکے

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید کاپنجاب بھر میں دہشتگردوں کیخلاف بلا تاخیر آپریشن کا مطالبہ ‘پنجاب اسمبلی میں ایک قرار داد بھی جمع کرادی

پیر 28 مارچ 2016 20:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مارچ۔2016ء ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے صوبے بھر میں دہشتگردوں کیخلاف بلا تاخیر آپریشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمدمیں رکاوٹ ہے، اب وقت آگیا ہے کہ حکومت انسانوں کو اپنی ترجیح بنائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیائع کو روکا جا سکے، اس سلسلے میں انہوں نے پنجاب اسمبلی میں ایک قرار داد بھی جمع کرادی جس میں لاہور کے گلشن اقبال پارک میں ہونیوالے خود کش دھماکے کی مذمت کی گئی اور72شہادتوں اور سیکڑوں افراد کے زخمی ہونے پر رنج وغم کا اظہار کیا گیا، قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہشتگروں کیخلاف بلا تاخیر آپریشن شروع اور اس ناسور کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں، قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کو صوبے بھر کے تفریحی مقامات پر سکیورٹی کے بہتر انتظامات کئے جائیں، دریں اثناء پنجاب اسمبلی میں میاں محمودالرشید کی جانب سے واقعے پر توجو دلاؤ نوٹس بھی جمع کرایا گیا ہے جس میں حکومت سے کہا گیا ہے کہ ایوان کوواقعے سے متعلق اصل حقائق اور تفتیشی مراحل سے آگاہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں میاں محمودالرشید نے جناح ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اب پلوں سڑکوں کی بجائے انسانوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے کیونکہ زندگی ہے تو عوام میٹرو اورنج جیسی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکے گی۔