سجاول میں تجاوزات کی بھرمار سے دکانداروں میں جھگڑے شروع ہوگئے

پیر 28 مارچ 2016 19:34

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) سجاول میں تجاوزات کی بھرمار سے دکانداروں میں جھگڑے شروع ہوگئے ہیں شہربھر میں مین روڈ پر دکانوں کے آگے ٹھیلوں اور تجاوزات کی وجہ سے گاڑیوں اور عام آدمی کے گذرنے کے راستے مسدود ہوگئے ہیں، جبکہ شہربھر میں مچھلی، مرغی ، سبزی، گوشت کے ٹھیلوں کی وجہ سے گندگی اور بدبو سے شہریوں کا جینا دوبھر ہوگیاہے ،جبکہ قبضوں کی بھرمار سے دکاندار پریشان ہوگئے ہیں ، سجاول کے پرانے ٹی وی پارک کی دکانوں میں گذشتہ روز ایک دکاندار نے مزید قبضہ کرنے کی کوشش کی تاہم قریبی دکانداروں نے شدید اعتراض کیا، جس کے بعد بلدیہ عملے نے مداخلت کرکے صرف مذکورہ قبضہ ھٹانے کی ہدایات دیں جبکہ باقی پورے شہرمیں قبضوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی ہے، ذرائع کے مطابق شہرمیں ناجائز تجاوزات کو بلدیہ عملے نے فروغ دیاہے ، پڑی ٹیکس اور پارکنگ کے نام پر معمولی ٹھیکے جاری کرکے من پسند وصولی کرکے ٹھیلوں اور گاڑیوں کو روڈ کے قبضے بیچ دئے گئے ہیں ، مذکورہ کاروبار کے علاوہ شہرمیں بلدیہ کی پراپرٹی کو بھی غیرقانونی الاٹمنٹ کرکے قبضے کرائے گئے ہیں ، شہرکی پبلک پراپرٹی کو مختلف لوگوں کے حوالے کردیاگیاہے، سجاول کے شہریوں کے لئے قائم کئے آڈیٹوریم کو جسے شادی ہال کرکے استعمال کیاجاتارہاہے اس پر ناجائز قبضہ کرلیاگیاہے، فلٹرپلانٹ کی باؤنڈری کے اندر پلاٹنگ کرکے پختہ عمارتیں تعمیر کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے، شاپنگ سینٹرس کو معمولی کرائے پر چڑھاکر ان پر قبضے کرادئے گئے ہیں ، ان کی چھتیں تک بیچ دی گئی ہیں ،جبکہ کرائے داروں نے شاپنگ سینٹرز کی توڑپھوڑ کرکے من پسند تعمیر پر کروڑوں روپے خرچ کردئے ہیں ،ٹاؤن کمیٹی کی سواکروڑروپے سے زائد قسط اور دیگر آمدنی میں سے ایک ڈھیلہ بھی ترقیاتی کاموں پر خرچ نہیں کیاجارہاہے ، شہرکے ٹوٹے گٹروں سے پانی ابل رہاہے اور گلیوں کے گٹرکراس ٹوٹنے سے ایمبولینس اور جنازوں کے گزرنے کی جگہ تک نہیں بچی، بااثر افراد اور بلدیہ عملے کی ملی بھگت سے تمام ترقیاتی کاموں کے پیسے ہڑپ کئے جارہے ہیں شہرمیں صفائی کانظام ناقص ہے ، جبکہ ٹوٹی ہوئی پائپ لائنوں سے شہرمیں گٹرملا گندا، جھاگ دار ، بدبودار پانی سپلائی کیاجارہاہے ، تاہم بلدیہ کے انتظامات کو درست کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی جارہی ہے ، چندبااثر ملازمین بلدیہ کو سونے کاانڈا دینے والی مرغی سمجھ کر لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں ،جبکہ بھتہ ادائیگی کے جدیدانداز کے تحت اضافی ملازمین رکھ کربااثرافراد کو تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں، کرپشن کے خلاف کی جانے والی تمام تحقیقات کو سرد خانے میں پہنچادیاگیاہے، اور کرپشن مافیاایسی تمام تحقیقات کومنطقی انجام تک پہنچانے سے پہلے روکنے میں کامیاب ہوگئی ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ فوری طورپر سجاول میں فنڈز منجمند کرکے ،تمام الاٹمنٹ کینسل کردی جائے ، اضافی ملازمین کی تحقیقات کرکے چھانٹی کرکے پراپرٹی کے کرائے کی ازسرنو شفاف طریقے سے مارکیٹ ویلیوکے مطابق نیلامی کی جائے ، پراپرٹی کے نقشہ جات مٹاکر اپنی تعمیرات کرانے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے ،اور تمام قبضے فی الفور ختم کرائے جائیں،جس کے بعد ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع کرکے گٹراور روڈ تعمیر کرکے صفائی کا نظام بہتر بنایا جائے اس طرح بلدیاتی ادارا اپنے مقاصد پورا کرسکے گا۔

متعلقہ عنوان :