اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے گلشن اقبال پارک حملے کو قومی سانحہ قرار دیدیا

پیر 28 مارچ 2016 18:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) ا سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے گلشن اقبال پارک لاہور میں خود کش بم دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اس حملے کو قومی سانحہ قرار دیا۔رانا محمد اقبال خاں نے بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں اور پارکوں میں بے گناہ بچوں اور معصوم شہریوں پر خودکش حملے کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کے مذموم مقاصد خاک میں ملا کر دم لیں گے ۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں دہشت گردوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہارسپیکر چیمبرز میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں ۔ اپریشن ضرب عضب سے آئندہ نسلوں کو محفوظ پاکستان ملے گا۔سپیکر نے کہا کہ عوام بھی دہشت گرد عناصر کے قلع قمع کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور مشکوک افراد کی نشان دہی کریں ۔رانا محمد اقبال خاں نے اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔