صوبے بھر میں دہشتگردوں کے خلاف بلا تاخیر آپریشن شروع کیا جائے

محمود الرشید نے سانحہ گلشن اقبال پارک پر قرار داد اور توجہ دلاؤ نوٹس پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیا

پیر 28 مارچ 2016 18:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے صوبے بھر میں دہشتگردوں کے خلاف بلا تاخیر آپریشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمدمیں رکاوٹ ہے، اب وقت آگیا ہے کہ حکومت انسانوں کو اپنی ترجیح بنائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیائع کو روکا جا سکے۔

اس سلسلے میں انہوں نے پنجاب اسمبلی میں ایک قرار داد بھی جمع کرادی جس میں لاہور کے گلشن اقبال پارک میں ہونیوالے خود کش دھماکے کی مذمت کی گئی اور72شہادتوں اور سیکڑوں افراد کے زخمی ہونے پر رنج وغم کا اظہار کیا گیا۔ قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہشتگروں کیخلاف بلا تاخیر آپریشن شروع اور اس ناسور کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کو صوبے بھر کے تفریحی مقامات پر سکیورٹی کے بہتر انتظامات کئے جائیں۔دریں اثناء پنجاب اسمبلی میں میاں محمودالرشید کی جانب سے واقعے پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی جمع کرایا گیا ہے جس میں حکومت سے کہا گیا ہے کہ ایوان کوواقعے سے متعلق اصل حقائق اور تفتیشی مراحل سے آگاہ کیا جائے۔ علاوہ ازیں میاں محمودالرشید نے جناح ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اب پلوں سڑکوں کی بجائے انسانوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے کیونکہ زندگی ہے تو عوام میٹرو اورنج جیسی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکے گی۔