میاں منظور احمد وٹو نے جناح ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی

پاکستان پیپلز پارٹی کی عہدیداران اور کارکنان نے خون کے عطیات بھی دیئے

پیر 28 مارچ 2016 18:09

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے گزشتہ روز لاہور گلشن اقبال پارک کے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جناح ہسپتال میں عیادت کی اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی عہدیداران اور کارکنان نے خون کے عطیات دیئے۔ بعد ازاں میاں منظور احمد وٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گڑی میں پاکستان پیپلز پارٹی لواحقین کے ساتھ ہے حکومت ایسی کاروائیوں کے پس پردہ حقائق کی تہہ تک پہنچے اور اس کا سدِباب کرے، حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرے عوام کے جان و مال کی حفاظت ان کی ذمہ داری ہے دہشت گرد کسی رعایت مستحق نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پوری قوم متحد ہے حکومت امن کے قیام کے لئے جو بھی اقدامات کرنا چاہتی ہے اس میں تاخیر نہ کرے، قوم کے ساتھ ساتھ پاک فوج بھی دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے عظیم قربانیاں دے رہی ہے حکومت اور سکیورٹی فورسز کو مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے مزید کہا کہ قوم اپنی صفوں میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کو بے نقاب کریں اور وطن دشمن عناصر کا قلع قمع کرنے میں افواج پاکستان کا ساتھ دیں اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی خرم جہانگیر وٹو، جہاں آرا وٹو، عابد حسین صدیقی ، سہیل ملک، میاں عبدالوحید، حق نواز خان ملک احتشام الحسن، علامہ یوسف اعوان، یاسر بارا، موسیٰ کھوکھر، بشریٰ ملک کے علاوہ دیگر بھی اُن کے ہمراہ تھے۔