سیاحت کے فروغ کیلئے تھائی لینڈ اور سری لنکا کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے ،صوبائی وزیر سیاحت

پیر 28 مارچ 2016 17:50

لاہور۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 مارچ۔2016ء ) ورلڈ بنک اور پنجاب ٹورازم کے اشتراک سے یہاں مقامی ہوٹل میں دور روز ہ ریجنل ٹورازم ورکشاپ شروع ہو گئی جس میں ملائیشیا ،سری لنکا ،بھوٹان، بنگلہ دیش،مالدیپ،نیپال ،تھائی لینڈ سمیت 9ممالک کے سیاحت کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے محکموں کے نمائندے شریک ہوئے،صوبائی وزیر سیاحت رانا مشہو داحمد خان نے ورکشاپ کا افتتاح کیا ،اپنے خطاب میں صوبائی وزیر نے ورکشاپ میں شریک غیر ملکی مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان با لخصوص پنجاب اپنی رنگا رنگ ثقافتی ،تاریخی اور مذہبی سیاحت کے لحاظ سے خطے میں خاص مقام کا حامل ہے ،وادی سندھ کی قدیم تہذیب اور بدھ مذہب کے آثار سے لے کر شمالی علاقوں کی فلک شگاف چوٹیوں تک کے مناظر پوری دنیا کے سیاحوں کو دعوت نظارہ دیتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹورازم پنجاب پورے صوبے میں واقع سیاحتی مقامات کی میپنگ کرا رہا ہے،پاکستان ایشیا کے کراس روڈ پر واقع ملک ہے جہاں نیپال ،تھائی لینڈ ،سری لنکا جیسی سیاحتی کشش موجود ہے لیکن بد قسمتی سے دہشتگردی و انتہا پسندی کے خلاف جاری جنگ کی وجہ سے ہمیں سیاحتی محاذ پر ان ممالک جیسی کامیابیاں نہیں مل سکیں تا ہم اس ورکشاپ کی وساطت سے ہم ان ملکوں کے نمائندوں کے تجربات اور کامیابیوں سے استفادہ کی کوششیں کریں گے ،کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں چیئر مین پی اینڈ ڈی جہانزیب احمد خان ،ورلڈ بنک کے نمائندے کامران اکبر ،ایم ڈی ٹی سی پی احمد ملک اور دیگر حکام بھی موجود تھے-

متعلقہ عنوان :