خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونیوالوں کی مختلف علاقوں میں تدفین ، میتیں گھروں میں پہنچنے پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے

خواتین شدت غم سے نڈھال ہو کر بیہوش ہو تی رہیں ،نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی قصور کا امجد بیوی اور بیٹے سمیت جاں بحق ہونے والوں میں شامل ،چونگی امرسدھو کے رہائشی 23سالہ پرنس کی مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی

پیر 28 مارچ 2016 17:39

لاہور/شرقپور شریف /قصور /ملتان /ساہیوال /کوئٹہ /مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) گلشن اقبال پارک میں ہونے والے خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی مختلف علاقوں میں تدفین کر دی گئی ، میتیں گھروں میں پہنچنے کے موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ،خواتین شدت غم سے نڈھال ہو کر بیہوش ہو تی رہیں ،دھماکے میں دو بچوں سمیت آٹھ مسیحی بھی جاں بحق ہوئے جن کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستانوں میں تدفین کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز گلشن اقبال پارک میں ہونے والے خود کش دھماکے میں بچوں ،خواتین اور مردوں سمیت درجنوں افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ میو ہسپتال ڈیڈ ہاؤس سے شناخت کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کرنے کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا ۔

(جاری ہے)

گلشن اقبال پارک میں سکیورٹی گارڈکے فرائض سر انجام دینے والے شرقپور کے رہائشی عنایت علی کے تین بچے بھی دھماکے کی زد میں آکر موت کی آغوش میں چلے گئے جبکہ عنایت علی خود شدید زخمی حالت میں جنرل ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔

خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 7سالہ سمیع اﷲ ،5سال وجاہت علی اور 11سالہ عروج فاطمہ کی میتیں آبائی علاقے محلہ عید گاہ شرقپور شریف لائی گئیں تو کہرام برپا ہو گیا اور والدہ سمیت دیگر رشتہ دار خواتین دھاڑیں مار مار کر روتی رہیں ۔ ایک ہی گھر سے تین جنازے اٹھے تو انتہائی رقت آمیز دیکھنے میں آئے ۔ تینوں بہن بھائیوں کو دربار حضرت میاں شیر محمد شرقپوری میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔

نماز جنازہ میں سیاسی شخصیات سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔گلشن اقبال پارک میں لاہور پریس کلب کے لائف ممبر اور سینئر صحافی سعید ملک کے بڑے بیٹے ارشد سعید بھی جاں بحق ہو گئے ۔میت کو آبائی علاقے ملتان لیجایا گیا جہاں پر نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تدفین کی گئی ۔گلشن اقبال پارک میں پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی عثمان بھی اپنے گھر والوں کو روتا چھوڑ کر منوں مٹی تلے سو گیا ۔

سنگھ پورہ عثمان پارک کے رہائشی 28سالہ محمد عثمان کی نماز جنازہ میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک ، رکن پنجاب اسمبلی چوہدری شہباز سمیت دیگر نے شرکت کی جسکے بعد اسے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔اس سے قبل جب عثمان کی میت نماز جنازہ کیلئے اٹھائی گئی تو ماں او ربہنیں میت کے ساتھ لپٹ کر اور دھاڑیں مار مار کر روتی رہیں جس سے ہر آنکھ اشکبار ہو گئی ۔

خود کش دھماکے میں بیس سالہ محمد کامران کی نماز جنازہ شہنشاہ قبرستان پکی ٹھٹھی میں ادا کی گئی جس میں خواجہ احمد حسان ، توصیف احمد شاہ ، چوہدری اختر رسول اور دیگر نے شرکت کی ۔ سمن آباد کے رہائشی 23سالہ محمد ندیم اور اہلیہ کی نمازجنازہ قادری پارک میں ادا کی گئی جس میں چوہدری اختر رسول سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میاں بیوی کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔

گلشن اقبال پارک میں قصور کا رہائشی امجد اپنی بیوی اور بیٹے سمیت دھماکے کی نذر ہو گیا ۔ نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ خود کش دھماکے میں دوسری اور چوتھی جماعت کے دو طالعلم بھی جاں بحق ہو گئے ۔ یوسف آباد کالونی کے رہائشی سومل طارق اور ساحل مسیحی کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد متحدہ مسیحی قبرستان میں تدفین کی گئی ۔

فتح پوررائیونڈ روڈ کے رہائشی 18سالہ ارسلان کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد علی رضا آباد کرسچن قبرستان میں تدفین کی گئی ۔ سگیاں پل کی رہائشی ارم شہزادی کی نماز جنازہ میں اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اس کی مقامی قبرستان میں تدفین کی گئی ۔ خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے سلامت یوسف،جنید مسیح،وقار پرویز ،باسط امانت ،شیرون پطرس اورمتاہل جاوید کی آخری رسومات یو حنا آباد میں ادا کی گئیں جس کے بعد ان کی مسیحیوں کے مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی ۔

اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔دھماکے میں جاں بحق ہونے والی عینی کی بھی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔ چونگی امرسدھو فیرود پوروڈ کے رہائشی 23سالہ پرنس کی بھی مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی ۔ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کے بعد سات میتیں سندھ،تین قصور، آٹھ اوکاڑہ،چار شیخوپورہ،دو حافظ آباد،دو ساہیوال،ایک آزاد کشمیر اور تین بلوچستان کیلئے روانہ کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :