اسلام آباد: حساس اداروں‌کی کارروائی ، اب تک 26 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 28 مارچ 2016 17:29

اسلام آباد: حساس اداروں‌کی کارروائی ، اب تک 26 سے زائد مشتبہ افراد کو ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مارچ2016ء): اسلام آباد میں حساس اداروں نے آپریشن کے دوران اب تک 26 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ گرفتاریاں رحیم یارخان ، ملتان، ڈی جی خان اور مظفر گڑھ سے کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق لاہور دھماکے کے مبینہ حملہ آور اور اس کے ساتھیوں سے متعلق بھی معلومات حاصل کر لی گئی ہیں۔ مبینہ حملہ آور یوسف نے خود حملہ کیا یا ہینڈلر کے طور پر کام کر رہا تھا اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

تحقیقاتی ٹیم کو جائے وقوعہ سے دو سر ملے ہیں جن میں سے ایک کا دھڑ بھی ساتھ تھا ، ٹیم کا اندازہ ہے کہ جائے وقوعہ پر ایک حملہ آور جبکہ دوسرا اس کا ہینڈلر تھا۔ تاہم اس حوالے سے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر کے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ مبینہ حملہ آور نے جنوبی پنجاب سے درجنوں لڑکوں اور بچوں کو کالعدم تحریک طالبان میں بھرتی کیا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سانحہ گلشن اقبال پارک کا مبینہ خود کش حملہ آور یوسف کالعدم سپاہ صحابہ اور کالعدم لشکر جھنگوی کا سرگرم رکن تھا۔ مبینہ حملہ آور نے 2013ء میں ملتان میں کالعدم تحریک طالبان کے لیے بھرتیاں شروع کیں۔ جبکہ جنوبی وزیرستان میں طالبان کے ایک دھڑے کے ساتھ تین سال کام کیا۔جس کے بعد یوسف لاہور آ گیا اور قریباً ڈیڑھ سال سے قرآن اکیڈمی میں پڑھا رہا تھا۔ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ مبینہ حملہ آور خود کش حملے کی تربیت کے لیے 2010ء میں وانا بھی گیا۔