حجرہ شاہ مقیم ‘ گلشن پارک لاہور خود کش دھماکہ میں جاں بحق ایک ہی خاندان کے 7 افراد کے جنازے اٹھنے پرہر آنکھ اشکبار ‘ رقت آمیز مناظر‘عزیز و اقارب دھاڑیں مار مار کر روتے رہے‘ علاقے کی فضاء سوگوار

پیر 28 مارچ 2016 16:51

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مارچ۔2016ء) گلشن پارک لاہور خود کش دھماکہ میں حجرہ شاہ مقیم کے ایک ہی خاندان کے 5افراد سمیت 7جاں بحق، مرنے والوں میں تین سالہ بچی اورایک خاتون شامل ہے جو محنت مزدوری کرتے تھے،جنازے اٹھے تو ہر آنکھ اشکبار ہو گئی ،رقت آمیز مناظر۔تفصیلا ت کے مطابق گلشن پارک علامہ اقبال ٹاؤن لاہور میں ہونے والے خودکش دھماکے کی نذرحجرہ شاہ مقیم کی سات قیمتی جانیں بھی ہو گئیں جن میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شامل ہیں اس سلسلہ میں بدقسمت خاندان کے سر براہ نصیر احمد نے اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔

28 مارچ۔

(جاری ہے)

2016ء سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ اسکا بھائی شبیر ،بہنوئی عبدالستار اور خالہ زاد بھائی ظہور احمد لاہور میں محنت مزدوری کی غرض سے رہائش پذیر تھے ،گزشتہ روز عبدالستار نے اپنی بیوی روبینہ بی بی کو لاہور بلوایا جوکہ میری بیٹی تین سالہ امان فاطمہ اور میری جواں سالہ بھانجی مقدس بی بی کو بھی ہمراہ لے گئی وقوعہ کے وقت وہ سب سیر کرنے گلشن اقبال پارک گئے جہاں خود کش دھماکہ میں انکی جان چلی گئی جبکہ مقدس بی بی دھماکہ میں شدید زخمی ہوئی ہے ،دھماکہ میں حجرہ شاہ مقیم کی مدینہ کالونی کا رہائشی محنت کش زاہد اقبال اور چک بھگیانہ بی بی پور کا محمد وسیم بھی جاں بحق ہوئے ہیں مرنیوالوں کی میتیں انتظامیہ نے انکے گھر وں میں پہنچا کر تجہیزو تدفین کے تمام انتظامات کی نگرانی کی، تین مختلف مقامات سے جب سات جنازے اٹھے تو رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی جبکہ علاقہ بھر کی فضا بھی سوگواررہی۔