دہشتگردی صرف پریس ریلیزز اوراشتہار چلا کر ختم نہیں کی جاسکتی‘دہشت گردی کے مسئلے کو سنجیدگی سے لینا ہوگا، نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی نہ بنایا جائے

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ لاہور پر جنوبی پنجاب میں اپنی سیاسی سرگرمیوں کو منسوخ کردیں

پیر 28 مارچ 2016 16:44

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ لاہور پر جنوبی پنجاب میں اپنی سیاسی سرگرمیوں کو منسوخ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی صرف پریس ریلیزز اوراشتہار چلا کر ختم نہیں کی جاسکتی،دہشت گردی کے مسئلے کو سنجیدگی سے لینا ہوگا، نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی نہ بنایا جائے۔

پیر کو چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ لاہور کے سوگ میں جنوبی پنجاب میں اپنی سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردیں، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے لاہور میں خواتین اورمعصوم بچوں کو ٹارگٹ کیا، حکومت کا نیشنل ایکشن پلان صرف کاغذات میں اچھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر پورے ملک میں عمل نہیں کیا جارہا، پنجاب خصوصاً جنوبی پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر فوری عمل شروع کیا جائے، انسداد دہشت گردی کی قومی پالیسی پر عمل پیرا ہوکر ہی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی نہ بنایا جائے، دہشت گرد ہمارے بچوں، عورتوں اور فوجی جوانوں کو شہید کرتے ہیں، میری والدہ کو بھی شہید کیا گیا، دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، دہشت گردی صرف پریس ریلیزز اوراشتہار چلا کر ختم نہیں کی جاسکتی، دہشت گردی کے مسئلے کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔