سانحہ گلشن اقبال : تحقیقاتی اداروں نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا- مبینہ خودکش حملہ آور کے اعضاءڈی این اے ٹیسٹ کے لئے بھجوا دیئے گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 28 مارچ 2016 16:37

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28مارچ۔2016ء) لاہور میں ہونیوالے خودکش دھماکے کے حوالے سے تحقیقاتی اداروں نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے مبینہ خودکش حملہ آور کے اعضاءڈی این اے ٹیسٹ کے لئے بھجوا دیئے ہیں۔شہر میں سرچ آپریشن کے دوران50 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور خودکش دھماکے کے بعد تحقیقاتی اداروں نے تفتیش کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلا دیا ہے۔

(جاری ہے)

مبینہ خودکش بمبار کے اعضاءبھی ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے بھجوا دیئے گئے ہیں جبکہ اس کے رشتہ داروں کے بھی ٹیسٹ لئے جائیں گے۔حساس ادارے کے ذرائع کے مطابق کارروائی ممکنہ طور پر پنجابی طالبان نے کی ہے کیونکہ گلشن اقبال دھماکے،واہگہ بارڈر دھماکے اور پولیس لائن دھماکوں میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ذرائع کے مطابق دھماکہ سی ٹی ڈی کی جانب سے لاہور اور گردونواح میں دہشت گردوں کیخلاف بڑی کارروائیوں کا ردعمل بھی ہوسکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مظفرگڑھ سے گرفتار مبینہ خودکش حملہ آورمحمد یوسف کے تین بھائیوں سمیت دیگر 5افرادکو لاہور منتقل کردیا گیا ہے-