سانحہ گلشن اقبال : پنجاب میں بڑے پیمانے گرفتاریوں کا سلسلہ جاری‘200سے زائدافرادکو حراست میں لے لیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 28 مارچ 2016 14:56

سانحہ گلشن اقبال : پنجاب میں بڑے پیمانے گرفتاریوں کا سلسلہ جاری‘200سے ..

روالپنڈی(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28مارچ۔2016ء) پنجاب میں بڑے پیمانے گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور لاہور، فیصل آباد، گوجرانولہ، کامونکی، سیالکوٹ، نارووال ، جہلم ، بہاولپور سمیت مختلف شہروں سے200 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بھاری اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ہدایات پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں انٹیلی جنس بنیاد پر بڑے پیمانے پر آپریشن میں 200سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیاہے۔

آپریشن میں پاک فوج اور رینجرز کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں حساس اداروں نے 5 آپریشنز کئے۔ اس دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا۔

(جاری ہے)

فیصل آباد میں حساس اداروں کی کارروائی کے دوران 80 سے زائد افرادحراست میں لئے گئے۔ گوجرانوالہ سے 78 مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

کارروائی ماڈل ٹاو¿ن، کوتوالی، باغبانپورہ، نندی پورکے علاقوں میں کی گئی۔ سیالکوٹ سے 20، کامونکی میں7 افراد پکڑے گئے۔ بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ سے بھی کالعدم تنظیم کے کارندے کو حراست میں لے لیا گیا اس کے علاوہ جہلم، خانیوال، بھکر، ننکانہ، ملتان، شیخوپورہ اور مظفرگڑھ سے بھی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کی اکثریت کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب بھر اسلحہ کی غیرقانونی فروخت میں ملوث افراد کی فہرستوں کی تیاری کاکام بھی جاری ہے اطلاعات کے مطابق حساس اداروں کا کہنا ہے کہ غیرقانونی اسلحہ اور منشیات وغیرہ کی فروخت میں ملوث جرائم پیشہ افراد دہشت گردوں کے سہولت کاروں کا کام کرتے ہیں اور یہی لوگ انہیں بم بنانے کے لیے ضروری سامان مہیا کرتے ہیں -گرفتار افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب تحقیقاتی ٹیموں نے دن کی روشنی میں شواہد اکٹھے کیے جنہیں فورنزک لیبارٹری بھجوادیا گیا۔لاہور کے گلشن اقبال پارک میں خود کش حملے کی تحقیقات کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دن کی روشنی میں دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا ،وہاں بکھرے بال بیرنگ اور خود کش حملہ آور کے جسمانی اعضاءاکٹھے کیے۔تحقیقاتی ٹیموں نے دھماکے میں استعمال ہونے والی خودکش جیکٹ کے حصے اور ٹکڑے بھی قبضے میں لیے جنہیں لیب بھجوا دیا گیا ، تحقیقاتی اداروں کے مطابق حملے میں 8 سے10 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔

دوسری جانب سی ٹی ڈی نے گلشن اقبال دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا ہے جس میں دفعہ 302،324 ،7 اے ٹی اے اور 120اے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔تھانہ گلشن اقبال کے سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق شلوار قمیض میں ملبوس 4 مشکوک نوجوان گلشن اقبال پارک میں آئے ، 3 نوجوان گیٹ پر سیکورٹی اہلکاروں کو دیکھ کر چلے گئے تاہم چوتھا پارک میں داخل ہوگیا جس نے جھولوں کے پاس جاکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔