صدر مملکت نے قومی اسمبلی کااجلاس سات اپریل کی شام پانچ بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں طلب کرلیا

پیر 28 مارچ 2016 14:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کااجلاس سات اپریل جمعرات کی شام پانچ بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے ۔قومی اسمبلی کا یہ 31واں اجلاس ہوگا جس میں اہم قومی امور پر بحث کے علاوہ قانون سازی بھی کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

پارلیمانی ذرائع کے مطابق اجلاس میں لاہور بم دھماکے ‘امن وامان کی صورتحال ‘ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی سمیت دیگر امور بحث کی جائیگی ۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے اسی اجلاس کے دوران گیارہ اپریل کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی منعقد ہوگا جس میں پی آئی اے سمیت چھ بلوں کے حوالے سے بنائی گئی دس رکنی خصوصی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جائیگی اور ایوان سے اتفاق رائے سے ان بلوں کی منظوری کا عمل مکمل کیا جائیگا ۔