سانحہ لاہور اور اسلام آباد میں‌دھرنا، برطانوی حکومت نے پاکستان میں‌مقیم شہریوں‌کو ہدایات جاری کردیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 28 مارچ 2016 14:10

سانحہ لاہور اور اسلام آباد میں‌دھرنا، برطانوی حکومت نے پاکستان میں‌مقیم ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مارچ2016ء) : سانحہ گلشن اقبال پارک اور اسلام آباد میں ممتاز قادری کے حامیوں کے دھرنے پر حالات کشیدہ ہونے کے سبب برطانوی حکومت نے پاکستان میں مقیم اپنے شہریوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ برطانوی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں ہدایت کی گئی ہے کہ برطانوی شہری اسلام آباد سے گلگت تک قراقرم ہائی وے پر سفر نہ کریں۔

(جاری ہے)

برطانوی شہریوں کو شمالی اور مغربی بلوچستان، سوات، لکی مروت، ڈی آئی جی خان ، بونیر، لوئر دیر، فاٹا، چارسدہ ، وادی کیلاش، کوئٹہ ، نوابشاہ، کوہاٹ، ٹانک اور بنوں جانے سے گریز کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ برطانوی حکومت نے سفری ہدایات میں مزید کہا کہ لاہور میں موجود برطانوی شہری گلشن اقبال پارک سمیت رش والے علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ برطانوی حکومت نے لاہور اور اسلام آباد میں اپنے شہریوں کو انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ اسلام آباد میں مقیم شہریوں کو کانسٹی ٹیوشن ایونیو جانے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کو سفری ہدایات پاکستان میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر جاری کی ہیں۔