لاہور دھماکے ،آرمی چیف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں سیکیورٹی ایجنسیز نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن شروع کردیا،لاہورفیصل آباد اورملتان میں متعدد دہشت گرد اور سہولت کار گرفتار ،اسلحہ و گولہ بارود کی بڑی مقدار برآمد۔۔۔آرمی چیف کا پبی میں انسداد دہشتگردی تربیتی مرکز کا دورہ،جنرل راحیل شریف نے پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترکہ جنگی مشقوں” اتاترک نائن“ کا معائنہ کیا۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 28 مارچ 2016 13:58

لاہور دھماکے ،آرمی چیف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں سیکیورٹی ایجنسیز نے ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مارچ2016ء) :لاہور دھماکے کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حلکم پرپنجاب بھر میں سیکیورٹی ایجنسیز نے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کے خلاف باقاعدہ آپریشن شروع کردیا ہے۔ دہشتگردوں کے خلاف لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں اب تک پانچ آپریشنز کیے گئے۔ جن میں متعدد دہشت گرد اور ان کے سہولت کار گرفتار کر لئے گئےہیں۔

اسلحہ اور گولہ بارود کی بڑی مقدار بھی برآمد کی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق رات سے اب تک 24گھنٹوں میں آرمی چیف کی صدارت میں اعلی سطحی اجلاس ہوئے،آپریشن کی نگرانی آرمی چیف خود کررہے ہیں،ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کے سیکیورٹی اجلاس میں لاہور دھماکے کے بعد پنجاب میں دہشت گردوں کیخلاف جاری آپریشن کی پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

انٹلیجنس ایجنسیوں نے فوج اور رینجرز کے ساتھ مل کر لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں دہشت گردوں کیخلاف گزشتہ رات سے لیکر پیر تک پانچ آپریشن کئے ، مزید معلومات کی روشنی میں آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ آپریشنز کے دوران سیکیوٹی ایجنسیز نے متعدد دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی بڑی مقدار میں برآمد کئے گئے ہیں۔

نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق پنجاب میں شروع کیے گئے اس آپریشن کی نگرانی کے لیے جی ایچ کیو راولپنڈی ہی میں ایک سیل قائم کر دیا گیا ہے جو پنجاب میں ہونے والے آپریشن کی خودنگرانی کرے گا اور اس سیل کے نگران پنجاب آپریشن سے متعلق آرمی چیف کو رپورٹ پیش کریں گے۔کچھ دیر قبل آرمی چیف کی زیر صدارت ہوئے اجلاس میں بھی پنجاب میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی سے متعلق جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں آرمی چیف کو لاہور دھماکے کی تحقیقات میں پیش رفت سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

آرمی چیف نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے کسی صورت رعایت نہیں برتی جائے گی ۔ اجلاس میں ملک ست دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے پنجاب میں آپریشن التوا کا شکار تھا، صوبائی حکومت نے پنجاب پولیس کے ذریعے یہ کام کروانے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن گذشتہ روز لاہور میں ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد آرمی چیف نے پنجاب میں باقاعدہ آپریشن شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ سانحہ گلشن اقبال پارک میں گذشتہ روز 72 افراد شہید جبکہ 350 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ شہید ہونے والے افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ بعد ازاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پبی میں انسداد دہشتگردی تربیتی مرکز کا دورہ کیا۔جہاں پر انہوں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترکہ جنگی مشقوں” اتاترک نائن“ کا معائنہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار نے پبی میں انسداد دہشتگردی کے تربیتی مرکز کے دورہ کے دوران پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترکہ مشقوں” اتاترک نائن“ کا معائنہ کیا۔فوجی مشقیں دونوں ملکوں کے درمیان سالانہ مشقوں کا حصہ ہیں۔ فوجی مشقوں میں ترک اسپیشل فورس اور پہاڑی کمانڈوز نے حصہ لیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دو ہفتوں سے جاری فوجی مشقیں استور کے علاقے رتو اور جہلم کے مقام کی گئیں ہیں۔