سانحہ گلشن اقبال پارک ،ملک بھر میں فضا سوگوار رہی ،قومی پرچم سر نگوں رہا،جشن بہاراں کی تقریبات بھی منسوخ

پیر 28 مارچ 2016 13:35

لاہور/اسلام آباد/کراچی/پشاور/کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) لاہور کے گلشن اقبال پارک میں دہشتگردی کے اندوہناک واقعہ میں 70افراد کے جاں بحق اور 300سے زائد کے زخمی ہونے پر ملک بھرمیں فضا سوگوار رہی ۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف مقامات پر المناک واقعہ کے سوگ میں تجارتی مراکز بند رہے جبکہ حکومت کی طرف سے تین روزہ سوگ کے اعلان پرقومی پرچم سر نگوں رہا ، پاکستان بار کونسل کی کال پر وکلاء نے بھی سانحہ کیخلاف مکمل ہڑتال کی اور وکلاء عدالتوں میں پیش نہ ہوئے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں دہشتگردی کے المناک واقعہ کے دوسرے روز بھی پورے ملک کی فضاء سوگوار رہی ۔ سرکاری و نجی دفاتر اور پبلک مقامات پر ہر کوئی اس سانحہ پر افسردہ نظر آیا ۔

(جاری ہے)

لاہور سمیت کئی مقامات پر سانحہ کے سوگ میں شیڈول تقریبات ملتوی کر دی گئیں ۔ پنجاب حکومت کی طرف سے تین روزہ سوگ کے اعلان کی وجہ سے سرکاری اور نجی عمارتوں پر قوم پرچم سر نگوں رہا ۔

پاکستان بار کونسل کی کال پر وکلاء نے ہڑتال کی ۔ لاہو رہائیکورٹ بار اور لاہور بار کے اجلاسوں میں مذمتی قرارداد یں منظوری کی گئی اور بعد ازاں اس سانحہ کے خلاف مال روڈ پر ریلی بھی نکالی گئی ۔ سانحہ گلشن اقبال پارک کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں جاری جشن بہاراں کی تقریبات بھی منسوخ کرکے اضلاع کی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :