اسلام آباد ڈی چوک پر دھرنا، ضلعی انتظامیہ نے مظاہرین کو شاہراہ دستور خالی کرنے کی ہدایت کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 28 مارچ 2016 13:11

اسلام آباد ڈی چوک پر دھرنا، ضلعی انتظامیہ نے مظاہرین کو شاہراہ دستور ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مارچ2016ء) : وفاقی دارالحکومت میں گذشتہ روز سے ڈی چوک پر ممتاز قادری کے حامیوں سمیت متعدد مذہبی جماعتوں نے دھرنا دے رکھا ہے۔ مظاہرین نے حکومت کو مذاکرات کی مشروط پیشکش کی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ محض فیصلے کا اختیار رکھنے والے ہی مذاکرات کے لیے آ سکتے ہیں۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے مظاہرین کو شاہراہ دستور خالی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شاہراہ دستور خالی ہونے کی صورت ہی میں مظاہرین سے مذاکرات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق آئی جی اور چیف کمشنر مظاہرین سے ملاقات کرکے مذاکرات کا عمل شروع کریں گے۔مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہونے پر کوئی وزیر بھی شامل ہو سکتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے گرفتار افراد کو رہا نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی ان سے کوئی رعایت برتی جائے گی۔

گذشتہ روز ہی سے مظاہرین نے ڈی چوک پر دھرنا دے رکھا ہے جبکہ متعدد مشتعل مظاہرین نے پولیس ہر پتھراؤ کرنے سمیت سیگر سرکاری املاک کو نقصان بھی پہنچایا۔ دھرنے کے باعث وفاقی دارالحکومت میں متعدد سفارتخانے بند جبکہ مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس کو بھی سکیورٹی خدشات کے پیش نظر معطل کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :