فیس بک نے صارفین سے معافی مانگ لی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 28 مارچ 2016 12:22

فیس بک نے صارفین سے معافی مانگ لی

سان فرانسسکو(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28مارچ۔2016ء) سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بک نے لاہور میں بم دھماکے کے بعد لوگوں سے ان کی حفاظت سے متعلق صارفین کو جو نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا اس کے لیے معافی مانگی ہے۔اتوار کی شام کو لاہور کے ایک پارک میں حملے کے فوراً بعد فیس بک پر ایک نوٹیفیکشن جاری ہوا تھا جس میں لوگوں سے ان کی خیریت سے متعلق پوچھا گیا کہ وہ اس واقعے سے محفوظ ہیں یا نہیں؟لیکن یہ نوٹیفیکیشن افریقہ سے یورپ اور قاہرہ سے ہانگ کانگ تک بہت سے فیس بک صارفین کو ملنے لگا۔

فیس بک کی سائٹ میں اس طرح کا فیچر شامل جس کے تحت جب بھی کوئی دہشت گرد حملہ یا قدرتی آفات جیسا واقعہ ہوتا ہے تو اس طرح کا نوٹیفیکشن اس خاص علاقے کے صارفین کے لیے محدود ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

فیس بک نے اپنے ایک بیان میں کہا ہم نے سیفٹی چیک کو لاہور میں، وہاں بم حملے کے بعد جاری کیا۔ بد قسمتی سے بہت سے وہ لوگ جو اس بحران سے قطعی متاثر نہیں ہوئے انھیں بھی یہ نوٹیفیکیشن موصول ہوا کہ کیا وہ محفوظ ہیں۔

فیس بک نے آن لائن جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ ’اس طرح کا بگ ہمارے مقصد کے بالکل برعکس ہے۔ ہم نے اسے حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے اور ہم ہر اس شخص سے معذرت کرتے ہیں جنھیں غلطی سے یہ نوٹیفیکیشن موصول ہوا۔دنیا بھر کے بہت سے لوگوں نے فیس بک کی غلطی کو مثبت انداز میں لیا اور سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ اس کی اس غلطی سے دنیا کے اس طبقے کو بھی لاہور میں دھماکے بارے میں پتہ چل گیا جسے شاید ایسے کبھی معلوم نہ ہو پاتا۔