سانحہ گلشن اقبال:مبینہ خودکش حملہ آورکے3بھائیوں سمیت 5افراد مظفرگڑھ سے گرفتار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 28 مارچ 2016 11:46

سانحہ گلشن اقبال:مبینہ خودکش حملہ آورکے3بھائیوں سمیت 5افراد مظفرگڑھ ..

لاہور+مظفرگڑھ(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28مارچ۔2016ء) لاہور کے تفریحی مرکز گلشن اقبال پارک میں دھماکا کرنے والا مبینہ خود کش حملہ آور کے دو بھائیوں کو مظفر گڑھ سے حراست میں لے لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق لاہور میں دھماکا کرنے والا مبینہ خودکش حملہ آور محمد یوسف کے ملنے والے شناختی کارڈ کے مطابق اس کا تعلق مظفر گڑھ کے موضع فتح سہرانی سے ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق مبینہ حملہ آور 8 سال سے لاہور میں تھا اور وہاں کے ایک مدرسے میں پڑھا بھی اور پڑھا بھی رہا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی ملتان نے موضع فتح سہرانی میں مبینہ حملہ آور کے گھر پر چھاپہ مارکر اس کے دو بھائیوں کو حراست میں لے لیا۔دوسری جانب مظفرگڑھ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مبینہ خودکش حملہ آور محمد یوسف کے3بھائی سمیت 5 افراد کو مظفر گڑھ سے گرفتار کیا گیا ہے ، پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور 8 سال سے لاہور میں مقیم اور وہیں ایک مدرسہ میں معلم بھی تھا،اس سے پہلے محمد یوسف نے ڈیرہ غازی خان کے مدرسہ اسلامیہ سے تعلیم حاصل کی تھی۔ معلومات کے مطابق حملہ آور کے والد غلام فرید ٹھیلا لگاتے ہیں اور ان دنوں عمرہ پر گئے ہوئے ہیں۔ ایک بھائی کی سبزی کی دکان،دوسرے کی ڈیرہ غازی خان میں بیکری، تیسرا درزی ہے،چوتھا بھائی کاشتکار جبکہ 2 بھائی پشاور میں مٹھائی کا کام کرتے ہیں،بھائیوں کے نام ریاض،عبدالغفار،سجاد،عبدالستار،محبوب اوراعجازہیں۔