وزیراعظم کی زیر صدارت سکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ،پنجاب حکومت نے سانحہ بارے ابتدائی رپورٹ پیش کی،قانون نافذ کرنیوالے اداروں ،انٹیلی جنس ایجنسیوں کے افسران نے بھی بریفنگ دی،تحقیقات میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا ،بزدل دشمن آسان اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے،دشمن کو عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دینگے،اس جنگ کو دشمن کے ٹھکانوں تک لیجانا ہوگا۔ وزیر اعظم نواز شریف کا اجلا س سے خطاب اور جناح ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت۔۔وزیراعظم نواز شریف کو افغان صدر اشرف غنی کا ٹیلی فون،لاہور دھماکے کی شدید مذمت،سانحہ لاہور میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا،دہشگردی کا عالمی اور علاقائی سطح پر ملکر خاتمہ کرنا ہوگا ۔وزیراعظم کی افغان صدر سے گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 28 مارچ 2016 11:03

وزیراعظم کی زیر صدارت سکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ،پنجاب حکومت ..

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس لاہور میں منعقد ہوا جس میں گلشن اقبال پارک میں خود کش دھماکے سمیت ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان ، چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا سمیت حساس اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں صوبائی قیادت نے وزیر اعظم نواز شریف کو گلشن اقبال پارک سانحہ کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ تفصیلی بریفنگ دی ۔جبکہ قانون نافذ کرنے اور انٹیلی جنس اداروں کے افسران نے تحقیقات کے حوالے سے پیشرفت سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آئی جی پنجاب کی طرف سے اجلاس کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی کے تناظر میں اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا ۔

وزیر اعظم نواز شریف نے سانحہ پر انتہائی رنج و غم کا اظہار اورغمزدہ خاندانوں کیساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک بہت بڑا سانحہ ہے لیکن ہم دشمن کو اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دہشتگرد اپنا انجام دیکھ کر بزدلانہ وار کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے تمام ادارے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں ۔

اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے دہشتگردی کے خلاف عزم کو متزلز ل نہیں کیا جا سکتا ۔ بحیثیت قوم اور حکومت دہشتگردی کے خلاف عزم مزید مضبوط ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی نا گزیر ہے ۔بزدل دشمن آسان اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے ۔ ہمارا ہدف دہشتگردی کے انفراسٹر اکچر کا مکمل خاتمہ ہے ۔دہشتگردی کے انفراسٹر اکچر کے ساتھ انتہا پسند نظریے کو بھی شکست دینا ہو گی ۔

انتہا پسندی کے نظریات معاشرے کے مستقبل کے لئے خطرہ ہیں۔سکیورٹی ادارے اور ایجنسیاں رابطے مزید متحرک اور مضبوط بنائیں۔صوبائی حکومتیں دہشتگردوں کے خلاف خفیہ اطلاعات پرمبنی کارروائیاں تیز کریں۔ہمیں اس جنگ کو دہشتگردوں کے ٹھکانوں تک لیجانا ہوگا۔ ہمیں معصوم جانوں پر حملوں سے پہلے دہشتگردوں تک پہنچنا ہوگا۔دہشتگردوں نے میرے بچوں، بیٹوں اور بیٹیوں کو نشانہ بنایا ہے ۔

اللہ کی مدد سے دہشتگردوں کا ملک سے مکمل صفایا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر حال میں دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے ۔ ہمیں بحیثیت قوم تمام تفرقات سے آزاد ہو کر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کو علاج معالجے سمیت ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں ۔

سانحہ کے شہداء کے لواحقین سے بھی مسلسل رابطہ رکھا جائے اور ان کی ہر ممکن امداد کی جائے ۔ قبل ازیں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا اور دھماکے زخمیوں کی عیادت کی ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعظم نے فرداً فرداًتمام زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ۔

اس موقع پر ہسپتال کے ایم ایس نے وزیر اعظم کو ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات بارے بھی بریفنگ دی ۔وزیر اعظم نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ بعد ازاں وزیراعظم محمد نواز شریف کو افغان صدر اشرف غنی نے ٹیلی فون کر کے سانحہ لاہور پر اظہار افسوس کیا۔

افغان صدر نے وزیراعظم سے گفتگو کے دوران لاہور میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ دہشگردی کے مکمل خاتمت تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل جاری رہے گا۔دہشت گردی دنیا کو درپیش سنجیدہ چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان بھی دہشگردی کی لعنت کا سامنا کررہا ہے۔دہشگرد بھاگ رہے ہیں اس لیے آسان اہداف پر حملے کررہے ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ دہشگردی عالمی مسئلہ بن چکی ہے۔دہشگردی کا عالمی اور علاقائی سطح پر ملکر خاتمہ کرنا ہوگا ۔ دریں اثناں وزیراعظم محمد نواز شریف کوسانحہ لاہورپردنیا بھر کے ممالک سے تعزیتی پیغامات بھی موصول ہوئے جن میں مختلف ممالک کے سربراہان سے وزیر اعظم محمد نواز شریف سے اظہار تعزیت کیا۔