اتوار بازاروں میں کوالٹی اشیاء ،خوردونوش اور تازہ پھلوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے‘ وزیر خوراک

مڈل کا مین کا کردارختم کر کے کسانوں کو موقع دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی محنت کا معقول معاوضہ پاسکیں‘ بلال یاسین

اتوار 27 مارچ 2016 16:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہاہے کہ اتوار بازاروں میں کوالٹی اشیاء ،خوردونوش اور تازہ پھلوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس حوالے سے مڈل مین کا کردار ختم کر کے کسانوں کو موقع دیا گیاہے کہ وہ اپنی زرعی اجناس براہ راست عوام کوفروخت کریں اور اپنی محنت کا معقول معاوضہ پائیں-ان خیالات کا اظہار انہوں نے شادمان اتوار بازارکے دورے کے موقع پر صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا- ان کے ہمراہ ٹی ایم او داتا گنج بخش ٹاؤن بھی موجود تھے ،صوبائی وزیر نے کہاکہ عوام کو سستے دامو ں معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی میں اتوار بازار اہم کرداراد ا کررہے ہیں-ان بازاروں کے توسط سے عام آدمی کی غذائی ضروریات کو پوراکرنے میں مدد ملی ہے- ان اتوار بازاروں کی افادیت کو دیکھتے ہوئے ا ن کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی رسائی ممکن ہو اور لوگوں کو مہنگائی سے نجات ملے- انہوں نے کہاکہ پاکستا ن مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ عوام کو سہولیات مہیا کی جائیں تاکہ ان کی طرز حیات بہتر ہو-انہوں نے کہاکہ میٹروبس کے بعد اورنج لائن ٹرین سروس حکومت کے اسی عزم کی عکاس ہے کہ حکومت نے ترقیاتی وسائل کا رخ عام آدمی کی بھلائی کی جانب موڑ دیاہے تاکہ جمہوریت کے ثمرات سے ہر فرد مستفید ہوسکے -اس سلسلے میں وزیراعلی شہبازشریف کی خصوصی کوشش ہے کہ صوبہ پنجاب کو ترقی اور انسانی بھلائی کے حوالے سے ماڈل بنایاجائے جہاں پر گڈ گورننس کا ہر شخص کو فائدہ ہو- اس موقع پر انہوں نے ڈی ایم او داتا گنج بخش ٹاؤن کو خصوصی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ شادمان بازار میں پارکنگ کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے تاکہ صارفین کو پارکنگ کے مسائل نہ ہوں-انہوں نے مزید کہاکہ سکیورٹی کے انتظامات اور بزرگ صارفین کے بیٹھنے کے انتظامات کو بھی بہتر کیا جائے-

متعلقہ عنوان :