خیبرپختونخوا میں رواں سال پن بجلی کے تین منصوبے مکمل ہوجائیں گے،شکیل درانی

پاک چین راہداری منصوبے میں منڈا ڈیم سمیت دیگر منصوبوں کوشامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے

اتوار 27 مارچ 2016 16:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مارچ۔2016ء) خیبرپختونخواحکومت ملک میں جاری توانائی بحران پر قابوپانے کے لئے دوررس اقدامات اٹھارہی ہے رواں سال 56میگا واٹ کے تین پن بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے بجلی کی پیداوارشروع ہوجائے گی جبکہ 214میگاواٹ کے پانچ پن بجلی کے منصوبوں پر تیز ی سے کام جاری ہے جوصوبے میں صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہونگے۔

وفاقی حکومت کو پاک چین راہداری منصوبے میں منڈا ڈیم سمیت دیگر منصوبوں کو شامل کرنے کے بارے میں تجویز دی گئی ہے جوصوبے کی معیشت کے استحکام کے لئے مددگارثابت ہوگا۔ایشیائی ترقیاتی بنک کی معاونت سے صوبے میں بجلی کی نعمت سے محروم پسماندہ علاقوں میں 1000منی مائیکروہائیڈل سیٹیشن تعمیر کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارسابق چیئرمین واپڈا اورپختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن ( پیڈو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شکیل درانی نے پیڈوبورڈآف ڈائریکٹرز کے بارہویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سیکرٹری توانائی وبرقیات انجینئرنعیم خان،ایڈیشنل ہوم سیکرٹری شاہداللہ، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ،سنیٹرنعمان وزیر،انجینئرسردارطارق،انجینئریونس مروت،غلام سرورمہمند،شاہد ستاراور پیڈوکے چیف ایگزیکٹیواکبر ایوب خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو پیڈواکبرایوب خان نے صوبے میں جاری پن بجلی کے منصوبوں پر کام کی رفتارکے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال56میگاواٹ کے تین منصوبے بجلی کی پیداوار شروع کردینگے جبکہ214میگاواٹ کے پانچ منصوبوں کروڑہ،جبوڑی،کوٹو،مٹلتان اورلاوی پر کام تیز ی سے جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں جہاں لوگ بجلی کی نعمت سے محروم ہیں صوبائی حکومت نے 356منی مائیکروبجلی گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کررکھاہے جبکہ ایشیائی ترقیاتی بنک کے مالی تعاون سے یہ تعداد بڑھا کر1000کی جارہی ہے۔ اسکے علاوہ نجی شعبے کے ذریعے پن بجلی کے6اخبارات میں مشتہیر کئے جاچکے ہیں۔ اجلاس کے دوران پیڈوملازمین کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات اٹھانے کے حوالے سے غوروخوض کیاگیا۔

بورڈ کے ممبران نے صوبے میں جاری توانائی کے منصوبوں پرکام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیڈوبورڈ شکیل درانی نے کہا کہ پیڈوبورڈ خودمختارہے اور اس پر کسی بھی قسم کاکو ئی سیاسی دباؤنہیں ہے صوبے کے بہتر مفاد کے لئے تمام ترفیصلے میرٹ پر کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ منڈا ڈیم سمیت دیگرمنصوبے کو CPECمیں شامل کرنے کے لئے وفاقی حکومت کے ساتھ بات چیت جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :