عافیہ کی رہائی مسلمانوں ، امریکہ اور یورپ کے درمیان غلط فہمیوں کے خاتمے کا سبب بنے گی ،ڈاکٹر فوزیہ

امریکی حکومت تو عافیہ کو واپس بھیجناچاہتی ہے رکاوٹ ہمارے اپنے حکمران بنے ہوئے ہیں طلباء و طالبات قوم کا اثاثہ ہیں،تعلیم یافتہ پاکستان عافیہ کا خواب ہے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی پاک آرمی کے شہید کیپٹن کرنل شیرخان کی قبر پر حاضری اور ان کی درجات کی بلندی کیلئے دعا اور صوابی میں اسلامیہ اسکول اینڈ کالج کی سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب میں شرکت و خطاب

اتوار 27 مارچ 2016 16:09

صوابی/خیبرپختونخواہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مارچ۔2016ء) عافیہ موومنٹ کی رہنما اور ڈاکٹرعافیہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ امریکی حکومت تو عافیہ صدیقی کو پاکستان واپس بھیجناچاہتی ہے لیکن ہمارے اپنے حکمران ہی قوم کی بیٹی کی وطن واپسی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دینی و قومی غیرت کے اظہار پر خیبر پختونخواہ کے عوام سب پر سبقت لے گئے ہیں۔

وہ خیبر پختونخواہ ، صوابی میں اسلامیہ اسکول اینڈ کالج شوا اڈہ میں تقسیم انعامات کی سالانہ تقریب کے شرکاء سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات قوم کا اثاثہ ہیں۔ ان کی مکمل حوصلہ افزائی سے قوم و ملک کی ترقی ممکن ہے۔ یہی جذبہ مجھے کراچی سے صوابی لے کر آیا ہے۔

(جاری ہے)

تعلیم یافتہ پاکستان عافیہ کا خواب ہے۔

عافیہ نے پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی بچوں میں تعلیم کے شوق کو اجاگر کرنے کے شعبے میں ہی حاصل کی ہے اوروہ اسی جذبے کے ساتھ پاکستان واپس لوٹی تھی لیکن 30 مارچ ، 2003 کواسے تین معصوم بچوں سمیت کراچی سے اغواء کرکے اگلے روز ہی سرحد پار امریکی عقوبت خانے منتقل کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ کے ساتھ سب بڑا ظلم یہ کیا گیا کہ پاکستانی اداروں نے اس پر عائدالزامات کی تحقیق و تفتیش کرنے کی زحمت ہی نہیں کی اور پاکستانی شہریوں کے ساتھ یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی سول سوسائٹی کی طرح پاکستان کی سول سوسائٹی بھی عافیہ کے ساتھ جس طرح یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے وہ انتہائی حوصلہ افزا ہے جو ملک میں قانون کی بالادستی اور انصاف اور حکمرانوں اور ریاستی اداروں کی بے حسی کے خاتمے کا سبب بنے گی۔ڈاکٹر عافیہ کی رہائی مسلمانوں ، امریکہ اور یورپ کے درمیان غلط فہمیوں کے خاتمے کا سبب بنے گی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اس موقع پر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو یاد رکھنے پر تقریب کے شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے صوابی پہنچنے پر پاک آرمی کے شہید کیپٹن کرنل شیرخان کی قبر پر حاضری دی اور ان کی درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔