صوبائی حکومت ہر قیمت پر تبدیلی کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی،پرویز خٹک

تبادلوں اور تعیناتیوں کی سیاست کو ختم کر دیا گیا ہے، بلدیاتی نمائندے خدمت کے جذبے سے عوام کے مسائل حل کریں،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

ہفتہ 26 مارچ 2016 22:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہمیں عوام نے نظام کی تبدیلی کیلئے ووٹ دیا اور پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ہر قیمت پر تبدیلی کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔ وہ نوشہر ہ کے علاقے پیر پیائی جان آباد میں پی پی پی کے سابق کونسلر نسیم خان اور انکے سینکڑوں ساتھیوں کی پی پی پی سے مستعفی ہو کرپی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک، ضلعی کونسلر شوکت نذیر، تحصیل کونسلر اقبال اختر ، تحصیل کونسلر احد خٹک نے بھی خطاب کیا۔ سابق کونسلر نسیم خان نے پرویز خان خٹک کی قیاد ت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اپنے پور ے خاندان اور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کااعلان کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبادلوں اور تعیناتیوں کی سیاست کو ختم کر دیا گیا ہے۔

یہ اختیارات نہ انہوں نے اپنے پاس رکھے ہیں اور نہ ہی بلدیاتی نمائندوں کو دے سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے خدمت کے جذبے سے عوام کے مسائل حل کریں۔اب استاد ، پولیس اور پٹواری پر سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے۔ ہمیں اس صوبے اور ملک کوآگے لے جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی سے تباہ حال صوبے کے غریب عوام کے مسائل حل کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب بیورو کریسی کاسرخ فیتہ آڑے نہیں آئے گا، تمام اداروں کوبااختیار بنادیا ہے تاکہ غریب عوام کو وزیر اعلیٰ، وزراء اور ارکان اسمبلی کے گھروں کے چکر نہ لگا نے پڑیں تاکہ ان کو ان کی دہلیز پر ان کا حق مل سکے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام کی بڑی تعداد تحریک انصاف میں شامل ہورہی ہے۔پرویز خٹک نے کہا کہ ہم خیبرپختونخوا کی سیاسی تاریخ بدل کر دم لیں گے اور پی ٹی آئی کارکردگی کے بل بوتے پر آئندے انتخابات میں کامیا ب ہوگی اور صوبے میں دوبارہ حکومت بنائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ اس ملک کے غریب عوام کا ایک ہی نعرہ تبدیلی تھا۔ عوام کو تبدیلی اداروں میں محسوس ہورہی ہے۔ نظام کو ٹھیک کرنے میں زیادہ وقت لگنے کی وجہ ستر سال کے فرسودہ نظام کو ٹھیک کرنا تھا۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ نظام کی سو فیصد بہتری کادعوی تو نہیں کرتے مگر اصلاحاتی اقدامات سے خاطر خواہ تبدیلی آئی ہے جسے عوام محسوس کر رہے ہیں۔

ہماری ساری توجہ غریب عوا م کو بہتر خدمات فراہم کرنے کیلئے اداروں کی اصلاح پر مرکوز ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پٹوار خانوں، تھانوں اور سرکاری محکموں میں غریب عوام کو ان کا جائز حق ملے اور کسی سے بھی نا انصافی نہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ سابقہ دور گزر چکا ہے مگر بدقسمتی سے ان کی باقیایات باقی ہیں جس کو مٹانے کیلئے صوبائی حکومت سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے جزا اور سزا کا نظام رائج کیا ہے اور اس سلسلے میں ایک آزاد احتساب کمیشن کی تشکیل یقینی بنائی ہے جس کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کے خلاف احتجاج کرنے والے ہمارے سیاسی مخالفین ہیں وہ عوام کو دئیے گئے اختیار اپنے ہاتھ میں لینے کے درپے ہیں ان کاواویلا بے جا ہے۔ پولیس اور صحت سمیت دیگر اداروں میں تمام کام میرٹ پر ہورہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے ایسا بلدیاتی نظام رائج کیا ہے جس میں تمام اختیارات عوام اور عوامی نمائندوں کوسونپ دئے ہیں۔ اس کے خلاف واویلا کرنے والے کرپشن کادور واپس لانا چاہتے ہیں ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ پورے صوبے میں یکساں ترقیاتی عمل شروع ہوچکا ہے کسی صوبے نے اپنے ترقیاتی بجٹ کا33 فیصد حصہ بلدیاتی اداروں کومنتقل نہیں کیاجبکہ صوبائی حکومت نے 43 ارب روپے مقامی حکومتوں کو جاری کر دیئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں اب تک شعبہ حادثات میں ادوایات مفت کردی ہیں اور بہت جلد وارڈز میں بھی غریبوں کے لیے ادویات مفت کردیں گے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت بہت جلد ہیلتھ انشورنس سکیم لارہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم اب مزید غریبوں کااستحصال نہیں ہونے دیں گے ہم غریبوں کے ووٹوں سے منتخب ہوکر ان ایوانوں تک پہنچے ہیں ۔انہوں نے یقین دلایا کہ بہت جلد صوبے میں صنعتی انقلاب برپا ہو گا اور عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کریں گے جس سے بے روزگاری میں بڑی حدتک کمی آئے گی۔