وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ایسٹر کے پرمسرت موقع پرمسیحی برادری کو مبارکباد

ہفتہ 26 مارچ 2016 21:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایسٹر کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباددی-وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ایسٹر کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ ایسٹر اپنی ذات سے بالاتر ہوکربے آسرااور مستحق افراد کیساتھ مل بیٹھ کر وقت گزارنے اورخوشیاں تقسیم کرنے کانام ہے اور ایسٹر انسانی زندگی میں بھلائی اور صالح اوصاف کی طرف مائل ہونے کے جذبہ کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں کی خوشیوں میں شریک ہونے سے ہی خوشیاں بڑھتی ہیں۔پیار ،محبت اور خوشیاں باٹنا اﷲ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام کی تعلیمات کے مطابق تمام انبیاء کرام کی عزت و توقیر کرنا ہمارا دینی فریضہ ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام سمیت تمام انبیاء پر ایمان لانا دین اسلام کا لازمی جزو ہے۔

(جاری ہے)

بھائی چارہ، باہمی ہم آہنگی، اتفاق واتحاد اور عفودرگزر حضرت عیسٰی علیہ السلام کی تعلیمات کا خاصا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسیحی برادری ملک کی ترقی میں اپنا بھر پور حصہ ڈال رہی ہے۔تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں تمام اقلیتی برادریوں کیلئے برابر کے حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے۔ اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور ان کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو اپنی عبادات کو اپنے عقائد کے مطابق کرنے کی مکمل آزادی ہے۔ حکومت تمام اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت ، عزت و وقار اور جان و مال کے تحفظ کیلئے پْرعزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسٹر کا پیغام ہے کہ ہم دوسروں کو خوشیاں بانٹے اوران کے مسائل کو کم کریں ۔