صوبے میں ہارٹی کلچر کے فروغ کیلئے،ہارٹی کلچر اینڈ لینڈ سکیپ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا فیصلہ

پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کو ہارٹی کلچر کے ذریعے خوبصورت اوردیدہ زیب بنایاگیا ہے‘شہبازشریف پنجاب کے ہر پارک میں ڈیجیٹل لائبریری بنانے کیلئے پلان مرتب کیا جائے‘وزیراعلیٰ کا ویڈیولنک سے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 26 مارچ 2016 21:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں ہارٹی کلچرکے فروغ کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اورترقیاتی منصوبوں کو ہارٹی کلچر کے ذریعے خوبصورت اوردیدہ زیب بنایاگیا ہے۔پودے اور پھول آلودگی کے خاتمے کے ساتھ شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں ۔پودوں اورپھولوں کی دیکھ بھال اورحفاظت بھی ضروری ہے ۔

پودوں اورپھولوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگرکیا جائے۔پارکوں میں ڈیجیٹل لائبریریوں کے قیام کے منصوبے پر فوری عملدر آمد کیا جائے ۔ پنجاب کے ہر پارک میں ڈیجیٹل لائبریری بنانے کیلئے پلان مرتب کیا جائے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یہ بات آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پنجاب کے بڑے شہروں کوہارٹی کلچر کے ذریعے خوبصورت بنانے، نوجوانوں کیلئے کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے نئے گراؤنڈز اورنئے تفریحی مقامات بنانے کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیاگیا۔

ہارٹی کلچر اینڈ لینڈ سکیپ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا فیصلہ کیاگیااورشاہدرہ سے رائیونڈ تک 40کلو میٹر ریلوے ٹریک کے اردگرد شجر کاری کے پروگرام کی منظوری دی گئی۔وزیراعلی ٰمحمد شہبازشریف اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہارٹی کلچر کے فروغ سے بڑے شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ ہورہا ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ فروٹ گارڈنز کے منصوبے کوعملی جامہ پہنانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں کیونکہ فروٹ گارڈنز کے قیام سے شہریوں کو تفریح کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

وزیراعلیٰ نے شاہدرہ سے رائیونڈ تک ریلوے ٹریک کیساتھ شجرکاری کے پروگرام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ اس طویل ٹریک کے اردگرد تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں ۔لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کیلئے ہارٹی کلچرکا پلان ابھی سے مرتب کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے ہارٹی کلچر اینڈ لینڈ سکیپ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ یہ سٹیئرنگ کمیٹی ادارے کے قیام کیلئے فوری اقدامات تجویز کرے گی۔

انہوں نے کہا کہنوجوانوں کیلئے تفریحی سرگرمیوں کے مواقع بڑھانے کیلئے ہر علاقے میں پلے گراؤنڈز اورتفریحی مقامات بنائے جائینگے۔متعلقہ حکام نئے تفریحی مقامات کیلئے اراضی کی نشاندہی کا کام جلد مکمل کریں۔خواجہ احمد حسان،کمشنر لاہورڈویژن،وائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد ، ڈی جی وال سٹی اتھارٹی،سیکرٹری ہاؤسنگ،ڈی جی ایل ڈی اے ،ایم ڈی نیسپاک،ڈی سی او لاہور اورڈی جی پی ایچ اے سمیت متعلقہ حکام سول سیکرٹریٹ سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔

متعلقہ عنوان :