مذہب کے نام پر مذہبی امتیاز اور تشدد کا نظریہ دہشتگردی کی بنیاد ہیں ، دہشتگردی کو ہر صورت ختم ہونا چاہیے ، عوام بلا تفریق رنگ و نسل انسانی مساوات اور مذہبی برداشت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں

پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری کا ایسٹر کے موقع پرتہنیتی پیغام

ہفتہ 26 مارچ 2016 21:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ایسٹر کے موقع پر تمام مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا تفریق مذہب، رنگ و نسل انسانی مساوات مذہبی برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ہفتہ کواپنے تہنیتی پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ پاکستان اور تمام دنیا میں مسیحیوں کو ایسٹر کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی مذہبی منافرت کی تمام شکلوں کو مسترد کرتی ہے اور مذہب کے نام پر اقلیتوں خاص طور پر مسیحیوں کے خلاف چند قوانین قطعی طور پر مسترد کرتی ہے۔

(جاری ہے)

مذہب کے نام پر مذہبی امتیاز اور تشدد کا نظریہ دہشتگردی کی بنیاد ہیں اور دہشتگردی کو ہر صورت میں ختم ہونا چاہیے۔ اقلیتوں کے خلاف توہین مذہب کے قانون کے نام پر بڑھتے ہوئے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے سابق صدر نے تمام دانشوروں اور سکالروں سے کہا کہ وہ اس بات پر غوروفکر کریں کہ ان واقعات کو کس طرح روکا جائے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے مسیحی برادری کو امن پسند، قانون پر عمل کرنے اور وفادار ہونے والوے کو خراج تحسین پیش کیا اور ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ان کے کردار کو سراہا۔ آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آئیں مل کر اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کریں تاکہ وہ آزادانہ طور پر اپنے مذہبی فرائض سرانجام دے سکیں۔

متعلقہ عنوان :