جنوبی پنجاب اور اندرون سندھ کے مزاروں کے گدی نشینوں کا کنونشن (پرسوں )طلب کرلیا

سندھ اور جنوبی پنجاب کی بڑی اور قدیمی خانقاہوں کے پانچ سو سے زائد گدی نشین شریک ہونگے‘خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ

ہفتہ 26 مارچ 2016 21:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) چیئرمین علماء و مشائخ رابطہ کونسل جماعت اسلامی پاکستان اور سجادہ نشین درگاہ خواجہ غلام فرید کوٹ مٹھن خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے جنوبی پنجاب اور اندرون سندھ کے مزاروں کے گدی نشینوں کا کنونشن پرسوں ( پیر ) 28مارچ کو سکرنڈ (سندھ)میں طلب کرلیا ہے جس میں سندھ اور جنوبی پنجاب کی بڑی اور قدیمی خانقاہوں کے پانچ سو سے زائد گدی نشین شریک ہونگے ۔

دربار خواجہ غلام فرید کوٹ مٹھن میں منعقدہ ایک تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے کہا کہ ہم حکمرانوں کو متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اولیا ء اﷲ کے مزاروں کی بے حرمتی اور ان سے وابستہ لاکھوں عقیدت مندوں پر ظلم وجبر کا رویہ ترک کردیں ۔

(جاری ہے)

حکمران ملک کے نظریہ کو ملیا میٹ کرنے پر تلے ہوئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کیلئے لاکھوں شہداء نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا مگر آج ان شہداء کے گھرانوں کا کوئی پرسان حال نہیں اور حکمران اپنی بدمستیوں میں مگن ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی نظریاتی شناخت کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو خدا نخواستہ جغرافیائی حیثیت بھی خطرے میں پڑ جائے گی ۔قوم نے جس پاکستان کے کیلئے لاکھوں جانیں قربان کیں اور تاریخ انسانی کی سب سے بڑی ہجرت کی وہ محض معاشی ترقی کیلئے نہیں بلکہ اسلام کے مطابق اپنی زندگیاں گزارنے کیلئے تھی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مدینہ منورہ کے بعددنیا میں اسلام کے نام پر قائم ہونے والی دوسری مملکت تھی ،آج اس مملکت خداداد کے اقتدار پر قابض لوگ مغرب کو خوش کرنے کیلئے اس کی اسلامی شناخت کو ختم کرنے پر تلے بیٹھے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی خانقاہوں اور اولیا اﷲ کے درباروں سے وابستہ عقیدت مند حکمرانوں کی اس سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :