بلوچستان سے راء کے افسر کی گرفتاری کے معاملے کوعالمی دنیا کے سامنے اٹھایاجائے‘ میاں مقصود احمد

حکومت بلوچ رہنماؤں سے کامیاب مذاکرات کرکے انہیں قومی دھارے میں لائے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

ہفتہ 26 مارچ 2016 20:49

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ بلوچستان سے ’’راء‘‘کے افسر’’کل بھوشن یادیو‘‘کی گرفتاری سے ثابت ہوگیاہے کہ ہندوستان اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے پاکستان میں راء کے ذریعے مداخلت کررہا ہے،بھارت بلوچستان کوانتشار کاشکار کرکے پاکستان کی سلامتی کونقصان پہنچاناچاہتا ہے جوکہ حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے بھارتی ہائی کمشنر کی طلبی اور رسمی احتجاج سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔راء کے افسر کی گرفتاری کے معاملے کو عالمی دنیا کے سامنے بھرپورانداز میں اٹھایاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان ذمہ دار اور امن پسند ملک ہے جوکہ خطے میں تمام ہمسایوں کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات کاخواہاں ہے مگر اس کامطلب یہ ہرگز نہیں کہ کسی کو بھی ملکی سلامتی کے ساتھ کھیلنے کی اجازت دے دی جائے۔

حکومت پاکستان بلوچستان کے معاملے کو سنجیدگی سے لے اور ناراض بلوچوں سے کامیاب مذاکرات کرتے ہوئے انہیں قومی دھارے میں لاناچاہئے۔بلوچستان کے عوام کوان کے حقوق دیئے جائیں۔محض ملازمتوں میں کوٹہ رکھ کر بلوچستان کے عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ملک میں سی آئی اے،موساد اور راء کے دہشتگردوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے پاکستان کوان سے پاک کیاجائے۔

میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ ہندوستان اور اس کے حکمران پاکستان کے وجود کوکھلے دل سے قبول کرنے کو تیار نہیں۔بھارت،پاکستان کودباؤمیں رکھتے ہوئے جنوبی ایشیامیں اپنی چوہدراہٹ قائم کرنا چاہتاہے۔کل بھوشن کی گرفتاری کے بعد ہندوستان سے دوستی اور تجارت کی باتیں کرنے والوں کوسانپ سونگھ گیا ہے۔تاریخ گواہ ہے کہ بھارت کبھی پاکستان کادوست تھا اور نہ کبھی اس سے خیر کی توقع کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ راء اپنے ایجنٹوں کے ذریعے بلوچستان اور کراچی میں فرقہ واریت اورامن وامان کی خرابی کے ٹاسک پر کام کررہی ہے۔شرم الشیخ کانفرنس میں سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے بلوچستان میں مداخلت کے حوالے سے تحقیقات کرنے کا اعلان کیا تھا جوکہ آج تک پورانہیں ہوسکا۔پاکستان کی سا لمیت کے خلاف بھارت کی جارحیت اور جنونی عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔مودی حکومت علاقائی امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ بن چکی ہے۔بھارت اپنے جاسوسی نیٹ ورک کومتحرک کرکے پاکستان کونقصان پہنچاناچاہتاہے۔