اگر آئین کو چھیڑا گیا تو ملک میں انتشار پھیلے گا اور پھر قوم کبھی ایک آئین پر متحد نہیں ہوسکے گی‘سینیٹر سراج الحق

عوام ملکی نظریاتی شناخت کیخلاف ہونیوالی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ،مغربی ایجنڈے کو نافذ کرنے کی باتیں کرنیوالوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑیگا دوستی کے نام پربھارتی جاسوس کو چھوڑنے والوں کو قوم ایک دن کیلئے برداشت نہیں کرے گی‘ امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 26 مارچ 2016 20:48

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کچھ لوگ 73کے متفقہ آئین کے خلاف سازشیں کررہے ہیں ،اگر آئین کو چھیڑا گیا تو ملک میں انتشار پھیلے گا اور پھر قوم کبھی ایک آئین پر متحد نہیں ہوسکے گی،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ عالمی استعمار کو اپنی وفاداری کا یقین دلانے کیلئے ایک دوسرے سے بڑھ کر آئین اور نظریہ پاکستان کے خلاف باتیں کررہے ہیں ،عوام ملک کی نظریاتی شناخت کے خلاف ہونے والی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور مغربی ایجنڈے کو نافذ کرنے کی باتیں کرنے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا، دوستی کے نام پربھارتی جاسوس کو چھوڑنے والوں کو قوم ایک دن کیلئے برداشت نہیں کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور میں جماعت اسلامی پنجاب کے سابق امیر اور رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر وسیم اختر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے چولستانی زعماء کے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی اور درماندگی کا سبب یہاں کی فیوڈل قیادت ہے ،حکمران خود مکھن کھارہے ہیں اور غریبوں کو لسی بھی نہیں دیتے ۔

اس طبقہ کی موجودگی میں خطے میں انسانی ترقی نا ممکن ہے ۔سیاست پر دولت مندوں وڈیروں اور جاگیر داروں کا قبضہ ہے ۔بڑی شاہراہوں سے اترتے ہی انسان سینکڑوں سال پیچھے چلا جاتا ہے جب لوگ جھونپڑیوں میں رہنے پر مجبور تھے ۔گوٹھوں اور دیہاتوں میں غربت ناچ رہی ہے ،لوگوں کو بنیادی سہولتیں تو کیا پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ۔غریبوں کے علاقوں میں اگر ڈسپنسریاں اور سکول ہیں تو وہاں ڈاکٹرز اور اساتذہ نہیں ہیں ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ لاکھوں مزارعین نصف صدی سے مالکانہ حقوق کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں مگر کسی نے ان کی آواز نہیں سنی ۔لاکھوں ایکڑ اراضی بے آباد اور بنجر پڑی ہے جو صرف لوگوں میں تقسیم کرنے سے آباد ہوسکتی ہے مگر حکمران اور وڈیرے کسی غریب آدمی کو یہ زمین دینے کو تیار نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 68سال سے مقتدر سیاسی پارٹیاں عوام کا استحصال کررہی ہیں ۔

غریبوں کے نام پر ووٹ لینے والوں نے ہمیشہ غریبوں کو لوٹا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے وسیع و عریض خطے میں کوئی میگا پروجیکٹ نظر نہیں آتااورعوام کو لالی پوپ پر ٹرخایا اور جھوٹے وعدوں سے بہلایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وڈیروں اور جاگیرداروں کی دیکھا دیکھی انتظامیہ بھی کرپشن میں لتھڑی ہوئی ہے اور رہی سہی کسر انتظامیہ نے پوری کردی ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مغل شہزادوں کی طرح عیش و عشرت میں زندگی گزارنے والوں سے تمام حساب بے باک کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ غریب کی جھونپڑیوں میں اندھیرا اور اپنے محلوں میں چراغاں کرنے والوں کو ایک ایک ظلم کا حساب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ان ظالم و جابر اور بے حس حکمرانوں سے نجات کیلئے اٹھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ظلم کو برداشت کرنا بھی ظالم کے ہاتھ مضبوط کرنے کے مترادف ہے ۔

متعلقہ عنوان :