سیالکوٹ میں جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ اجلاس

Zeeshan Haider ذیشان حیدر ہفتہ 26 مارچ 2016 20:46

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 26 مارچ۔2015ء)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی سیالکوٹ کا اجلاس ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ہوا جس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سید افتخارالحسن ظاہرے شاہ، چودھری ارمغان سبحانی، چودھری محمد اکرام، رانا محمد افضل، رانا لیاقت پنور، رانا عبدالستار اورذوالفقار غوری،، ڈی پی او ڈاکٹر محمدعابدخاں، یوسی چیئرمین جمیل اشرف ،رانا عارف ہرناہ، سابق ایم این اے ڈاکٹر نیلسن عظیم اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں اے ڈی پی 2015-16میں سیالکوٹ کیلئے رکھے گئے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور جاری ترقیاتی اسکیموں کے سلسلہ میں منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت کی گئی ۔ منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے تعمیر نو کے محکماجات کے مقامی حکام پر زور دیا کہ ضلع سیالکوٹ میں جاری ترقیاتی اسکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور کام کے معیار کا خاص خیال رکھا جائے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا جن ترقیاتی اسکیموں پر کام کی رفتار سست ہے یا کام بند پڑا ہے ان اسکیموں کی تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور مفاد عامہ میں تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ معیاد کے اندر مکمل کئے جائیں تاکہ عوام الناس ان کے ثمرات سے مستفید ہوسکے ۔ ڈی سی او سیالکوٹ نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ڈی پی او سیالکوٹ نے ضلع میں امن و امان کی صورتحال سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو آگاہ کیا۔