کمپنیز بل 2016کے مسودے پر مشاورت کا عمل جاری ہے ٗجلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائیگا ٗوزیر خزانہ

موجودہ حکومت کی بہترین اقتصادی پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت درست سمت پر گامزن ہے ٗاسحاق ڈار ملک کی داخلی سلامتی ، معاشی ترقی کی ضمانت ہوتی ہے ٗ داخلی سلامتی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ٗ تقریب سے خطاب

ہفتہ 26 مارچ 2016 19:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کمپنیز بل 2016کے مسودے پر مشاورت کا عمل جاری ہے ٗجلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائیگا۔ ہفتہ کو سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام یہاں کمپنیز بل 2016کے مسودے کی تعارفی تقریب میں شریک اقتصادی ماہرین اور فریقین سے خطاب کررہے تھے۔

سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ کمپنیز بل میں 31سال بعد تبدیلی لائی جا رہی ہے اور یہ بل بہت اہم ہے ۔ جسے بجٹ اجلاس سے قبل پارلیمنٹ میں پیش ہو جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بہترین اقتصادی پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت درست سمت پر گامزن ہے اوربجٹ خسارے میں کمی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ان پالیسیوں کی وجہ سے رواں سال کے تمام معاشی اہداف تقریباً مکمل کر چکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعارفی تقریب کامقصد تمام سٹیک ہولڈرز کو کمپنیز بل 2016کے اہم خدوخال اور اس کی اہمیت اور افادیت سے تمام فریقین کو آگاہ کرنا اور ان سے مثبت اور تعمیری مشاورت حاصل کرنا ہے ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کی داخلی سلامتی ، معاشی ترقی کی ضمانت ہوتی ہے اور داخلی سلامتی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے تمام منفی اعشاریے اڑھائی سال میں مثبت اشاریوں سے بھی آگے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کے تحت پاکستان کو قرضہ نہیں دے رہا بلکہ سرمایہ کاری کر رہا ہے ۔ مارچ 2018ء تک بجلی بحران پر قابو پالیا جائیگا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ قوانین ایسے نہیں ہونے چاہئیں جو ایک دوسرے سے متصادم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسلامی بینکنگ کے فروغ کیلئے پر عزم ہے ۔ دیگرتمام شعبوں کو بھی چاہئے کہ وہ حکومت کو بینکنگ شعبوں کی طرف بڑھنے میں تعاون فراہم کریں تاکہ مسائل رکاوٹوں کو عبور کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ کمپنیز بل 2016ء میں تبدیلیاں لائی جائیں تو شاید رکاوٹیں پیدا نہ ہوتیں اور حکومت تمام تر معاشی پالیسیاں تمام فریقین سے مشاورت کے ساتھ بنا رہی ہے جسکی وجہ سے صنعتوں کی معاشی بہتری کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت درست سمت پر گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کو دیوالیہ قرار دیئے کی تیاری کرنے والے ادارے آج پاکستان کی معاشی بہتری کے معترف ہیں۔انہوں نے کمپنیز بل 2016ء کے مسودے کی تیاری پر سیکیورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ایس ای سی پی کے چیئرمین اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور سیر حاصل گفت و شنید کیلئے وقت نکالنے اور اپنی مثبت آراء پیش کرنے پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :