جب بھی پاکستان کے قریب آنے لگیں کچھ لوگ افواہیں پھیلانے لگتے ہیں، ڈاکٹر حسن روحانی

پاکستان سے برادرانہ بھارت سے دوستانہ تعلقات ہیں اور یہ کوئی مسئلہ نہیں ، ایسا ماحول نہیں بن رہا کہ سعودی عرب اور ایران آمنے سامنے بات کر سکیں ،ایران پاکستان اور افغانستان کے سہ فریقی تعاون کا فروغ چاہتے ہیں گیس پائپ لائن منصوبے پر اپنے حصے کا کام مکمل کر لیا ، گوادر کا مستقبل شاندار ہے ، پورا خطہ مستفید ہو گا

ہفتہ 26 مارچ 2016 19:12

جب بھی پاکستان کے قریب آنے لگیں کچھ لوگ افواہیں پھیلانے لگتے ہیں، ڈاکٹر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ جب بھی پاکستان کے قریب آنے لگیں کچھ لوگ افواہیں پھیلانے لگتے ہیں، گیس پائپ لائن منصوبے پر اپنے حصے کا کام مکمل کر لیا ، گوادر کا مستقبل شاندار ہے ، پورا خطہ مستفید ہو گا ، پاکستان کے ساتھ صحت ،تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کا فروغ چاہتے ہیں ، پاکستان سے برادرانہ بھارت سے دوستانہ تعلقات ہیں اور یہ کوئی مسئلہ نہیں ، ایسا ماحول نہیں بن رہا کہ سعودی عرب اور ایران آمنے سامنے بات کر سکیں ،نواز شریف سے افغانستان کے معاملے پر بھی بات ہوئی ہم چاہتے ہیں کہ ایران پاکستان اور افغانستان کے سہ فریقی تعاون کو فروغ ملے ، ایران کا جوہری معاہدہ دنیا کیلئے مثال ہے مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا، جنرل راحیل شریف سے علاقائی سلامتی پر بات چیت ہوئی دہشتگردی کیخلاف پاکستانی کی قربانیاں قابل تعریف ہیں ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کو تسلیم کیا ، پاکستان اور ایران توانائی کے شعبے میں تعاون کر رہے ہیں ۔ پاکستان کے ساتھ گیس پائپ لائن اور بجلی کی برآمد کے منصوبے پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران گہری دوستی اور برادرانہ تعلقات کے رشتے میں بندھے ہیں ایرانی صدر نے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بجلی کی فراہمی کیلئے پر عزم ہیں ۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ سڑک اور ریل کے ذریعے ایران گوادر بندرگاہ کے ساتھ منسلک ہونا چاہتا ہے مواصلاتی رابطے دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے ایرانی صدر نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ گیس لائن پائپ منصوبے پر کام جاری ہے اور ہم اپنے حصے کا کام مکمل کر چکے ہیں اور پاکستانی سرحد سے زیادہ دور نہیں ہیں انہوں نے کہا گوادر کا مستقبل شاندار ہے پورا خطہ اس سے مستفید ہو گا ۔

گوادر کی بندرگاہ کو ریل کیلئے ذریعے چین سے ملانے سے خطے کو فائدہ ہو گا جبکہ وسط ایشیاء روس اور یورپ کیلئے بھی گوادر کی بندر گاہ فائدہ مند ہے ۔ایک سوال کے جواب میں ایرانی صدر نے کہا کہ ہمارے پاکستان برادرانہ تعلقات کے ساتھ ساتھ بھارت سے بھی دوستانہ تعلقات ہیں اور یہ کوئی مسئلہ نہیں جب بھی ہم پاکستان کے قریب ہونے لگتے ہیں تو کچھ لوگ افواہیں پھیلانے لگتے ہیں ۔

خطے کے مسائل طاقت سے حل نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تعلیم صحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں ۔ دونوں ممالک کے عوام دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے علاقائی سلامتی پر بات چیت ہوئی دہشتگردی کیخلاف پاکستانی کی قربانیاں قابل تعریف ہیں انہوں نے کہاکہ ایران اور پاکستان کی ترقی ایک دوسرے سے وابستہ ہے اور وقت پڑنے پر دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہونگے ۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں اسلام کی حقیقی روح کو دنیا کو دکھانا ہو گا ہماری شناخت ہمارے مسلک نہیں اسلام ہے ہم متحدہوئے بغیر دشمنوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے مسلم دنیا کو اختلافات ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایران کا جوہری معاہدہ دنیا کیلئے مثال ہے پابندیوں کے معاملے پر ہم نے بات چیت کا راستہ اپنا کر کامیابی حاصل کی اور مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا ۔ ایک اور سوال کے جواب میں ایرانی صدر نے کہا کہ ایسے حالات نہیں بن رہے کہ سعودی عرب اور ایران آمنے سامنے بات کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے افغانستان کے معاملے پر بھی بات ہوئی ہم چاہتے ہیں کہ ایران پاکستان اور افغانستان کے سہ فریقی تعاون کو فروغ ملے ۔