ایران پاکستان کو قیام کے بعد پاکستان کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک ہے پاکستان اور ایران توانائی کے شعبے میں تعاون کر رہے ہیں، گیس پائپ لائن اور بجلی کی برآمد کے منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، فرقے ختم کر کے دنیا کو اسلام کی حقیقی تصویر کھانا ہو گی، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیاں قابل فخر ہیں ، ایران کے صدر حسن روحانی کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 26 مارچ 2016 19:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2016ء) ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کو تسلیم کیا، پاکستان اور ایران توانائی کے شعبے میں تعاون کر رہے ہیں، گیس پائپ لائن اور بجلی کی برآمد کے منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، فرقے ختم کر کے اسلام کی حقیقی تصویر دنیا کو کھانا ہو گی، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیاں قابل فخر ہیں۔

وہ ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران گہری دوستی اور برادرانہ تعلقات کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں قابل تعریف ہیں۔ ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان کو بجلی کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں، سڑک اور ریل کے ذریعے گوادر بندرگاہ کے ساتھ منسلک ہونا چاہتے ہیں، مواصلاتی رابطے دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ حسن روحانی نے کہا کہ گیس پائپ لائن منصوبے پر کام جاری ہے ہم پاکستانی سرحد سے زیادہ دور نہیں ہیں۔ایرانی صدر روحانی نے کہا کہ گوادر کا مستقبل بہترین ہے پورا خطہ اس سے مستفید ہو گا، گوادر کی بندرگاہ کو ریل کے ذریعے چین سے ملانے سے خطے کو فائدہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وسط ایشیاء، روس اور یورپ کیلئے بھی گوادر کی بندرگاہ فائدہ مند ہے، ایران کا جوہری معاہدہ پوری دنیا کیلئے ایک مثال ہے، ہم نے مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کر کے دکھایا۔ حسن روحانی نے کہا کہ پاکستان سے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، جب بھی پاکستان اور ایران قریب آئے ہیں تو افواہیں گردشی کرنے لگتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں انتہائی مفید اور مثبت رہیں، پاکستان دنیا کا اہم ترین ملک ہے، وزیراعظم نواز شریف سے افغانستان کے معاملے پر بات ہوئی، ہم چاہتے ہیں کہ ایران، پاکستان اور افغانستان سہ فریقی تعاون کو فروغ ملے۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ شام میں جنگ بندی پر عمل جاری رہے گا، ایران سعودی عرب کشیدگی مسائل کے حل میں رکاوٹ ہے،کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے مصالحانہ کردار ادا کیا۔ حسن روحانی نے کہا کہ سعودی عرب مسلم دنیا کا اہم ملک ہے اسے قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے جبکہ پاکستان اور ایران سرحدوں کے تحفظ کیلئے مل کر کام کررہے ہیں