غاصبوں اور مفاد پرستوں سے لڑائی ہے‘بھٹو شہید نے غریبوں کے حقوق کی خاطر بغاوت کی۔بلاول بھٹو زرداری کا رحیم یار خان میں جلسہ سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 26 مارچ 2016 18:53

غاصبوں اور مفاد پرستوں سے لڑائی ہے‘بھٹو شہید نے غریبوں کے حقوق کی خاطر ..

رحیم یار خان(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے غاصبوں اور مفاد پرستوں سے لڑائی ہے۔ بھٹو شہید نے غریبوں کے حقوق کی خاطر بغاوت کی۔ بھٹو نے کہا تھا کہ جو تقسیم کریں وہ مفاد پرست ہیں بھٹو نے کہا تھا کہ متحد ہو جاو لیکن بھٹو کو بغاوت کی سزا شہید کر کے دی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا بھٹو نے نعرہ لگایا تھا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔شہید بھٹو امیر اور غریب کے لیے الگ الگ پاکستان نہیں چاہتے تھے آج بات کرنے والے بہت لیکن غریب کے لیے جان دینا صرف بھٹو جانتا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا میری محترمہ نے اپنے والد کے علم کو بلند کیا اور محترمہ نے غریبوں کے حقوق کی جنگ جاری رکھی جس کیلئے سسٹم کیخلاف بغاوت کی اور محترمہ شہید عورت ہونے کے باوجود ہر ظالم سے ٹکرائیں۔

(جاری ہے)

شہید بھٹو کے نواسے نے پھر سے وہ جھنڈا اٹھا لیا ہے اور کبھی آپ کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب کا حال سب کے سامنے ہے جنوبی پنجاب کا کاشت کار بے حال اور وسائل سے محروم ہے جبکہ سندھ ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا بھی وسائل سے محروم ہیں۔ کسانوں کو شہید بھٹو کا ساتھ دینے کی سزا دی جا رہی ہے۔ میاں صاحب آپ نے کسانوں سے اچھے مستقبل کا خواب چھین لیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ انہوںنے کسی سے پوچھا کہ میاں صاحب کو کسان سے کیا دشمنی ہے ،جواب میں انہیں بتایا گیا کہ کسان بھٹو کو بہت عزیز تھا یہی اس کی غلطی ہے اور اسی کی سزا اسے مل رہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شوگر ملز کو اربوں کے حساب سے سبسڈی دی جارہی ہے، آلو ، مکئی ، گنا اور کپاس کے پریشان حال کسان کو سبسڈی نہیں مل رہی،میاں صاحب نے کسانوں سے اچھے مستقبل کا خواب بھی چھین لیا ہے۔

میاں صاحب کو پاکستان کے بجائے بھارتی کسان کی زیادہ فکر ہے۔ پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ اگر آج دکاندار اور چھوٹے تاجر پریشان ہیں تو میاں صاحب کل مل مالکان بھی پریشان ہوں گے ،میاں صاحب ، آپ کے کسان پیکیج میں نئی بات کونسی تھی ، اس کا کسان کو کیا فائدہ ہوا ،آپ کا کسان پیکیج آپ کے پٹواریوں کی نذر ہوگیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں اور غربت کے خاتمے کے لیے جدو جہد کی ،ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب تر لوگوں کو مالی امداد فراہم کی ، جنوبی پنجاب سے پہلا وزیراعظم ہم نے بنایا ،مگر ایک بار پھر سازش شروع ہوگئی ، ہمارے منتخب وزیراعظم کو ہٹایا گیا۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ انہوںنے ایک اور وزیراعظم جنوبی پنجاب سے نامزد کردیا ، پھر سازشی عناصر کو یہ بات ہضم نہ ہوئی ، نامزد وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے اور جنوبی پنجاب سے اس کا حق چھینا گیا ،اس خطے میں بسنے والوں کو پیپلز پارٹی سے محبت کی سزا دی جارہی ہے۔