تخت لاہور کے نااہل شعبدہ باز حکمران فرشتے نہیں کہ ان پر تنقید نہ کی جائے ، ن لیگ کی نااہلی اور دفتر خارجہ کی سنگین غفلت کی وجہ سے 150سے زائد پاکستانی تاجر ماسکو ایئرپورٹ پرمحبوس رہے ‘ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کی پارٹی کارکنوں سے گفتگو

ہفتہ 26 مارچ 2016 18:25

فیصل آباد/جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2016ء) ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے کہا ہے کہ تخت لاہور کے نااہل شعبدہ باز حکمران کوئی فرشتے نہیں کہ ان پر تنقید نہیں کی جاسکتی۔ ن لیگ کی نااہلی اور دفتر خارجہ کی سنگین غفلت کی وجہ سے 150سے زائد پاکستانی تاجر وں کو ماسکو ایئرپورٹ پر حبس بے جا میں رکھ کر روس نے بین الاقوامی اخلاقیات کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔

کیا ہم اتنے ہی کمزور ہوچکے ہیں کہ ہمارے سفارت خانے تارکین وطن کی درپیش مشکلات اور مسائل سے لاعلم رہتے ہیں۔ جب تک کوئی چیز میڈیا پر نہیں آجاتی اس وقت تک ن لیگ کو ہوش نہیں آتا اور نہ ہی ان کے کانوں پر جوں رینگتی ہے۔ سابق وفاقی مشیر ٹیکسٹائل ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ تارکین وطن امریکہ، یورپ اور سعودی عرب میں مختلف مسائل کا شکار ہیں لیکن حکومت کروڑوں روپے زرمبادلہ حاصل کرنے کے باوجود ان کے مسائل کے حل پر کوئی توجہ نہیں دیتی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم پاکستان روس میں پھنسے تارکین کی بازیابی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ وہ ہفتہ کو جھنگ صدر میں جشن نوروز کی تقریب میں شرکت کے بعد پیپلزپارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد اعجاز چوہدری کی رہائش گاہ پیپلزسیکرٹریٹ سمندری روڈ پر لال حسین راشد، محمد طاہر شیخ، میاں ارشد ندیم، سرمد راہی، سٹی صدر پی ایل بی رانا منظور، جنرل سیکرٹری رفیق عمار بھٹی کے ہمراہ پارٹی کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا ن لیگی حکمران مرکز اور پنجاب میں عوامی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔ بدقسمتی سے تین ماہ سے زائد کا عرصہ ہونے کے باوجودبلدیاتی نمائندے بے اختیار اور لاکھوں خرچ کرنے کے باجود پریشان ہیں۔ پنجاب میں میئرز اور ضلعی کونسل کے چیئرمینوں کے انتخابات کو لیگی قیادت جان بوجھ کر التواء میں رکھ کر اپنی نالائقی اور نااہلی کا عملی ثبوت دے رہی ہے۔ جبکہ دوسری جانب تین سال کا عرصہ ہونے کے باوجود پاکستان کے وزیرخارجہ کا عہدہ خالی پڑا ہے۔ قوم ایسے نااہل حکمرانوں سے قومی سلامتی کے امور کی بہتری کی کیا امید رکھ سکتی ہے؟؟