فیڈرر گھٹنے کی سرجری کے بعد معدے کی بیماری کے باعث میامی اوپن میں کم بیک میچ سے دستبردار

ہفتہ 26 مارچ 2016 15:09

میامی ۔ 26 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 مارچ۔2016ء) شہرہ آفاق سوئس سٹار اور سترہ مرتبہ کے گرینڈسلام چیمپئن راجر فیڈرر کو گھٹنے کی سرجری کے بعد ٹینس کورٹ میں واپسی کیلئے مزید انتظار کرنا ہو گا، سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر نے فٹنس مسائل کے باعث رواں میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں کم بیک میچ سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔

(جاری ہے)

فیڈرر نے رواں برس منعقدہ سال کے پہلے گرینڈسلام ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کے بعد گھٹنے کی سرجری کرائی تھی اور انہیں دو ماہ سے کورٹ سے دوری کا سامنا ہے، انہوں نے میامی ماسٹرز سے دوبارہ ٹینس کورٹ میں واپسی کا اعلان کیا تھا لیکن وہ معدے کی بیماری میں مبتلا ہو گئے جس کے باعث انہیں ایونٹ سے دستبرداری اختیار کرنا پڑی۔