امتحانی نظام سے بوٹی مافیا کا خاتمہ کردیاگیا ،حقیقی ٹیلنٹ نکھر کرسامنے آرہا ہے‘رانا مشہود احمد خان

ہفتہ 26 مارچ 2016 14:38

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانامشہود احمد خان نے کہا ہے کہ فروغ تعلیم ترقی و خوشحالی کا یقینی راستہ ہے،پڑھی لکھی نوجوان نسل کو ویژنری قیادت نصیب ہوجائے تو وہ چند برسوں میں ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کے تعلیمی وژن کی روشنی میں پنجاب کے طول و عرض میں پھیلے سرکاری و نجی سکولوں کو تمام ضروری تعلیمی سہولیات سے مزین کرکے ملکی ترقی کا زینہ بنا رہے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گلشن راوی میں ایک مقامی سکول سمارٹ ایجوکیشن سکول سسٹم کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے دوران صوبائی وزیر نے سالانہ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اور ان کے اساتذہ میں انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں رانا مشہود احمد نے کہاکہ پاکستانی بچوں نے اپنی لیاقت ، ذہانت اور صلاحیتوں کا سکہ پوری دنیا سے منوایا ہے۔

پاکستانی بچوں کی خوبی یہ ہے کہ تمام تر نامساعد حالات اور محدود وسائل کے باوجود وہ اپنی خداداد صلاحیتوں کااستعمال کرتے ہوئے عالمی سطح پر ہونے والے ہر مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرتے ہیں اور اپنے ملک و قوم کانام روشن کرتے ہیں۔رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے مناسب پلیٹ فارم فراہم کر دیئے ہیں۔

بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ غیرنصابی سرگرمیوں اور کھیلوں میں آگے جانے کیلئے تمام ضروری انفراسٹرکچر فراہم کیا جا رہا ہے۔ محکمہ تعلیم نے اس سال بجٹ کا 27فیصد حصہ تعلیم کیلئے مختص کرکے اس شعبے کیلئے اپنی گہری دلچسپی کا ثبوت فراہم کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف خود بھی مختلف تعلیمی اداروں کے اچانک دورے کرکے تعلیمی معیار کو بلند سے بلند تر کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سکولوں میں انرولمنٹ کی شرح اور اساتذہ کی حاضری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ امتحانی نظام سے بوٹی مافیا کا خاتمہ کردیاگیا ہے جس کی وجہ سے حقیقی ٹیلنٹ نکھر کرسامنے آرہا ہے۔ وزیراعلیٰ کی طرف سے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں غیرملکی دوروں اور انعام و اکرام کا اہتمام پنجاب حکومت کے اس شعبے میں خلوص اور انتھک کوششوں کاواضح ثبوت ہے۔

متعلقہ عنوان :