کراچی‘ پولیس کی پھرتیاں،بھتہ خوروں سمیت10ملزمان دھر لیے

ہفتہ 26 مارچ 2016 14:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2016ء) کراچی میں پولیس کی سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں جس دوران کورنگی میں ایکسائز پولیس نے شراب کی بھٹی پر چھاپا مار کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔ سچل تھانے کی حدود سے چار بھتہ خور پکڑے گئے۔ کھادار پولیس نے بکی کو دھر لیا جبکہ گارڈن، شرافی گوٹھ اور ملیرمیں مقابلے کے بعد 4 ڈاکو زخمی حالت میں پکڑے گئے ہیں۔

ہفتہ کو پولیس کے مطابق سچل تھانے کی حدود سے بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث گینگ وار کے چار ملزمان کو گرفتارکیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے بھتہ خوری کی 150 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ گرفتار بھتہ خوروں کی شناخت شرجیل، نوید، دلشاد عرف وقاص اور فیصل کے نام سے ہوئی ہے۔گارڈن کے علاقے میں پولیس نے مقابلے کے بعد 2 ملزمان گرفتار کر لئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد بھی ہوئی ہے۔ ادھر شرافی گوٹھ اور ملیر کالابورڈ میں بھی پولیس نے مقابلے کے بعد 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لئے ہیں۔دوسری جانب کھارادر پولیس نے کرکٹ میچ پر جوا لگانے والے بکی کو گرفتار کر لیا ہے جس کی شناخت انیس عرف کوفتہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ایکسائز پولیس نے کورنگی ڈھائی نمبر میں شراب کی بھٹی پر چھاپا مار کر 125 لیٹر شراب برآمد کرلی ہے۔ ایکسائز پولیس کے مطابق بھٹی کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :