پوپ فرانسس نے پاکستانی مسلمان مہاجر سمیت 12 افراد کے پاوں دھوئے اور بوسہ دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 26 مارچ 2016 13:45

پوپ فرانسس نے پاکستانی مسلمان  مہاجر سمیت 12 افراد کے پاوں دھوئے اور ..

ویٹی کن سٹی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 مارچ 2016ء): کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے گڈ فرائیڈے سے ایک روز قبل جمعرات کی شام پاکستانی مسلمان سمیت 12 مہاجرین کے پاؤن مقدس پانی سے دھو کر ان پر بوسہ دیا۔ پوپ فرانسس نے اپنے اس عمل کے بعد عالمی برادری کو ان مہاجرین کو پناہ اور تحفظ دینے کی تمام تر کوششیں کرنے کا پیغام بھی دیا۔

پوپ فرانسس نے جن 12 مہاجرین کے پاؤں دھوئے، ان میں ایک پاکستانی، ایک شامی اور ایک مالی کا مسلمان بھی شامل تھا۔ دیگر مہاجرین میں نائجیریا سے تعلق رکھنے والے چار کیتھولک مسیحی، اریٹریا کی تین قبطی مسیحی مہاجر خواتین اور ایک بھارتی ہندو شامل تھے۔پوپ فرانسس نے مہاجرین کے پاؤں دھوتے ہوئے کہا کہ آپ سب اپنے مذہبی عقائد کے مطابق خدا سے دعا کریں کہ دنیا میں بھائی چارہ اور امن قائم ہو۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پوپ فرانسس نے بھائی چارے اور امن کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم امن کے ساتھ جینا چاہتے ہیں۔پوپ فرانسس نے کہا کہ ہم سب مسلمان، ہندو، کیتھولک، قبطی مسیحی اور اوَینجیلِک بھائی بھائی ہیں۔ ہمارا تعلق ایک ہی خدا سے ہے اور ہم سب پرامن حالات میں رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے برسلز میں حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلحہ سازوں کو بھی اس حملے کا ذمہ دار قرار دیا۔'مقدس جمعرات' کو ادا کی جانے والی یہ رسم حضرت عیسیٰ کی اس رسم کی یاد میں منائی جاتی ہے جب انہوں نے مصلوب ہونے سے پہلے اپنے 12 حواریوں کے پاؤں دھوئے تھے اور یہ رسم خدمت کی علامت کے طور پر منائی جاتی ہے۔