ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ سپرٹین مرحلے میں کل دو میچز کے فیصلے ہوں گے

ہفتہ 26 مارچ 2016 13:43

ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ سپرٹین مرحلے میں کل دو میچز کے فیصلے ہوں گے

ناگپور،موہالی ۔ 26 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 مارچ۔2016ء) آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سپرٹین مرحلے میں اتوار کو مزید دو میچز کے فیصلے ہوں گے۔ میزبان بھارت کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے کینگروز جبکہ افغانستان کو ناکامیوں کی روایت توڑنے کیلئے کالی آندھی کا چیلنج درپیش ہو گا۔ بھارت میں جاری میگا ایونٹ اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے، اسی سلسلے میں اتوار کو گروپ ون اور ٹو میں مزید ایک، ایک میچ کھیلا جائے گا۔

گروپ ون میں ویسٹ انڈیز اور افغانستان کے درمیان میچ ناگپور میں دوپہر اڑھائی بجے شروع ہو گا جبکہ گروپ ٹو میں موہالی کے مقام پر بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور یہ میچ شام 7 بجے شروع ہو گا۔ گروپ ون میں کالی آندھی کی ٹیم مسلسل تین میچز جیت کر پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے جبکہ افغانی ٹیم متواتر ناکامیوں کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

کالی آندھی میچ جیت کر ناقابل شکست رہتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے میں جانے کی خواہاں ہے جبکہ دوسری جانب شکست خوردہ افغانی ٹیم آخری گروپ میچ جیت کر ناکامیوں کے داغ کو دھونا چاہتی ہے۔ گروپ ٹو میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان شیڈول میچ نے کوارٹر فائنل کی صورت اختیار کر لی ہے، فاتح ٹیم سیمی فائنل کھیلنے کی حقدار ٹھہرے گی۔

متعلقہ عنوان :