ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے ہرا کر ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی،شکست کے بعد پروٹیز کے ناک آؤٹ میں پہنچنے کے امکانات کم ہو گئے

کالی آندھی نے 123 رنز کا ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 7 وکٹوں پر پورا کیا،مارلون سیموئلز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

جمعہ 25 مارچ 2016 22:57

ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے ہرا کر ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ سیمی ..

ناگپور ۔ 25 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مارچ۔2016ء) آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو3 وکٹوں سے شکست دے کر فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی، اس فتح کے ساتھ ہی کالی آندھی نے سیمی فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا، کالی آندھی میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے، اس سے قبل نیوزی لینڈ نے بھی لاسٹ فور تک رسائی حاصل کر رکھی ہے، شکست کے بعد پروٹیز کے ناک آؤٹ تک رسائی کے امکانات کم ہو گئے، جنوبی افریقن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 122 رنز بنائے تھے، ویسٹ انڈین باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے حریف ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی دھجیاں اڑا دیں، کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکا، ڈی کوک 47 رنز بنا کر نمایاں رہے، جواب میں کالی آندھی کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 7 وکٹوں پر حاصل کیا۔

(جاری ہے)

مارلون سیموئلز کو 44 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ جمعہ کو ناگپور میں کھیلے گئے سپرٹین مرحلے کے گروپ ون کے میچ میں ویسٹ انڈین قائد ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے ان کے فیصلے کو درست ثابت کر دکھایا، جنوبی افریقن ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنا سکی، پروٹیز اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور 47 کے سکور پر اس کے پانچ مستند کھلاڑی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، ہاشم آملہ 1، کپتان فاف ڈوپلیسی 9، ریلی روسو صفر، ڈی ویلیئرز 10 اور ڈیوڈ ملر 1 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کالی آندھی کے باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے پروٹیز بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع ہی نہ دیا اور کوئی بلے باز متاثرکن اور جارحانہ کھیل پیش نہ کر سکا، ڈی کوک 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ڈیوڈ ویسی 28 اور فینگیسو 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کرس مورس 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، آندرے رسل، کرس گیل اور ڈیوائن براوو نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔123 رنز کے ہدف کے تعاقب کیلئے کالی آندھی کی ٹیم جب میدان میں اتری تو ربادا نے پہلے ہی اوور میں کرس گیل کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، گیل 4 رنز بنا کر چلتے بنے، آندرے فلیچر 11 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، چارلس نے سیموئلز کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 66 تک پہنچا دیا، یہاں پر چارلس 32 رنز بنا کر ویسی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، ڈیوائن براوو ویسٹ انڈیز کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 8 رنز بنانے کے بعد فینگیسو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، 100 کے مجموعی سکور پر عمران طاہر نے اننگز کے 17 ویں اوور میں مسلسل دو گیندوں پر آندرے رسل اور ڈیرن سیمی کو آؤٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابیاں دلائیں، رسل 4 اور سیمی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، اگلے اوور میں مورس نے سیموئلز کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی لیکن فائدہ نہ ہو سکا، سیموئلز 44 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، اسطرح ویسٹ انڈین ٹیم نے ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 7 وکٹوں پر پورا کیا، کارلوس بریتھویٹ 10 اور دنیش رامدین ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

عمران طاہر نے 2 جبکہ کرس مورس، کاگیسوربادا، ڈیوڈ ویسی اور ایرون فینگیسو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :