وزیرداخلہ آئندہ ہفتے نادرا میگا سنٹر راولپنڈی کا افتتاح کریں گے

نادرا میگا سنٹر میں شناختی کارڈ ، پاسپورٹ اور دیگر سہولتیں میسر ہوں گی، ملک میں قائم کئے کئے جانے والے 6نادرا میگا سنٹرز اور15پاسپورٹ ایگزیکٹو آفسز کے قیام کا مقصد شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں عوامی مشکلات کا موثر طریقے سے تدارک کرنا ہے،ترجمان

جمعہ 25 مارچ 2016 22:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان آئندہ ہفتے نادرا سروس سنٹر راولپنڈی کا افتتاح کریں گے ۔ اس میگا سنٹر میں عوام الناس کو شناختی کارڈ، بچوں کی رجسٹریشن، فیملی ریجسٹریشن کے علاوہ پاسپورٹ بنوانے کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔ میگا سنٹر کا قیام اس لحاظ سے ایک اہم قدم اور پیش رفت ہے کہ اس میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ شناختی کارڈ، پاسپورٹ یا دیگر کسی ضرورت کے لئے آنے والے درخواست گزاروں کو کم سے کم وقت میں یہ سہولتیں مہیا کی جائیں۔

میگا سنٹر کے بارے میں بریف کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ نادرا کے دیگرروائتی دفاتر میں جانے والے ہر درخواست گزار کو درخواست کا عمل مکمل کرنے کے لئے کہ جس میں ٹوکن لینا، تصویر بنوانا، فنگر پرنٹس و دیگر مراحل شامل ہیں مختلف کاؤنٹرز تک جانا پڑتا ہے اور ہر کاؤنٹر پر انتظار کرنا پڑتا ہے جو بعض اوقات انکے لئے پریشانی کا باعث بھی بنتا ہے۔

(جاری ہے)

نئے سنٹرزکی خاصیت یہ ہے کہ شناختی کارڈ کے سارے مراحل ایک ہی کاؤنٹر پر مکمل ہو جائیں گے ۔اس سنٹر میں ہر ایک کاؤنٹر پر تمام ضروری سہولتیں مثلاً کیمرہ، فنگر پرنٹس لینے والی مشین وغیرہ مہیا کر دیے گئے ہیں تاکہ ایک ہی کاؤنٹر پر یہ تمام مراحل مکمل ہو سکیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ان میگا سنٹرز کا ایک حصہ پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے مختص کر دیا گیا ہے جس میں نادرا کا سٹاف اور پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کا افسر پاسپورٹ سے متعلقہ فرائض سرانجام دیں گے۔

میگا سنٹرز میں شناختی کارڈ کے حصول کے لئے آنے والے 85درخواست گزاروں جبکہ پاسپورٹ کے 96درخواست گزاروں کیلئے بیٹھنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ شروع میں یہ سنٹر معمول کے دفتری اوقات میں خدمات سر انجام دے گا تاہم بعد میں اس کے اوقات میں مزید اضافہ کر دیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ ملک بھر میں 06نادرا میگا سنٹرز اور 15ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس سنٹرز وزیرِداخلہ کی خصوصی ہدایت پر قائم کئے جا رہے ہیں جن کا مقصد شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول کے لئے آنے والوں کو لمبی لمبی قطاروں اور دیگر پریشانیوں سے بچانا ہے۔ ان میگا سنٹرز کو اس طرز پر بنایا گیا ہے کہ جہاں سٹاف کی بہتر کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے وہاں درخواست گزاروں کے قیمتی وقت کو بھی بچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :