تحفظ حقوق نسواں بل سے عورتوں کے خلاف تشدد کی روک تھام میں مدد ملے گی، زیب النساء اعوان

جمعہ 25 مارچ 2016 21:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 مارچ۔2016ء )رکن صوبائی اسمبلی بیگم زیب النساء اعوان نے کہا ہے کہ تحفظ حقوق نسواں بل سے عورتوں کے خلاف ہر قسم کے تشدد کی روک تھام میں مدد ملے گی- انہوں نے کہا کہ بل پر تنقید کرنے والے ابھی تک کوئی ٹھوس متبادل ترامیم پیش نہیں کر سکے- انہوں نے کہا کہ تحفظ حقوق نسواں بل کے ذریعے خواتین میں خود اعتمادی اور انہیں با اختیار بنانے میں پیش رفت ہو گی- انہوں نے یہ بات اپنے بیان میں کہی- بیگم زیب النساء اعوان ایم پی اے نے کہا کے تحفظ حقوق نسواں بل کے ناقدین اس سوچ کو پیش نظر رکھیں کہ معاشرے میں خواتین کو تحفظ دیئے بغیر استحکام اور ترقی ممکن نہیں- انہوں نے کہا کہ تحفظ حقوق نسواں بل میں گھریلو اور دیگر ہر قسم کے تشدد کی روک تھام کا ممکنہ سدبات کرنے کی کوشش کی گئی ہے کیونکہ کوئی بھی مذہب اور معاشرہ خواتین پر تشددکو جائز قرار نہیں دیتا- بیگم زیب النساء اعوان ایم پی اے نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو بل پڑھنے کے بعد اپنی رائے کا اظہار کرنا چاہیئے اور اگر اس بل میں کوئی کمی بیشی ہے تو اس میں ممکنہ بہتری لانے کے لئے ٹھوس تجاویز لانی چاہیئے- انہوں نے کہا کہ تنقید برائے تنقید سے مسائل حل نہیں ہوتے اور مذکور ہ بل اس سوچ اور جذبے کے ساتھ پنجاب اسمبلی میں متفقہ طور پر پاس کیا گیاہے تاکہ ملک کی ترقی میں احساس تحفظ کے ساتھ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کر سکیں۔