پاکستان اور ایران کے صحت ، تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی 6مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

وزیراعظم اور ایرانی صد رمابین وفود کی سطح پر مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت مختلف امور پربات چیت ایرانی صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں تقریب کا انعقا ،وزیراعظم نوازشریف کا پرجوش استقبال ، تینوں مسلح افواج کے دستوں کاحسن روحانی کو گارڈ آف آنر

جمعہ 25 مارچ 2016 21:52

ا سلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء) پاکستان اور ایران نے صحت ، تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی 6مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیئے گئے جبکہ وزیراعظم نوازشریف اور ایرانی صدر حسن روحانی نے وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات ' علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے عالمی مسائل کے تمام امور پر بات چیت کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو یہاں وزیراعظم نوازشریف اور ایرانی صدر حسن روحانی نے وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات ' علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے عالمی مسائل کے تمام امور پر بات چیت کی گئی۔مذاکرات میں وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ مشیر خارجہ سرتاج عزیز' وزیرخزانہ اسحاق ڈار' پانی اور بجلی کے وزیر خواجہ محمد آصف ' وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی ' وزیر تجارت خرم دستگیر ' ماحولیاتی تبدیلی کے وزیر زاہد حامد اور وزیراعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

مذاکرات میں دونوں برادر ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی' وفود کی سطح کے مذاکرات سے پہلے وزیراعظم اور ایرانی صدر نے علیحدگی میں ملاقات بھی کی۔اس سے پہلے ایرانی صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں ایک باقاعدہ تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔وزیراعظم نوازشریف نے معزز مہمان کی آمد پر ان کا پرجوش استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے ' تینوں مسلح افواج کے دستوں ایرانی صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پاکستان اور ایرا ن کے درمیان صحت ، تجارت ، مالیات اور غیر ملکی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے مفاہمت کی6 یادداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے۔اس موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہونے والی دستخطوں کی تقریب میں وزیراعظم نوازشریف اور ایرانی صدر حسن روحانی بھی موجود تھے ۔