ہمیشہ جمہوریت کو دوام اور آمریت کو زوال حاصل ہوتا ہے ٗ، جمہوری قوتوں کو آمریت کا حصہ نہیں بننا چاہیے ٗپرویز رشید

نواز شریف تیسری مرتبہ وزیر اعظم بنے ٗ عوام کی محبت سے چوتھی مرتبہ بھی وزیراعظم بنیں گے ٗوزیر اطلاعات کا تقریب سے خطاب

جمعہ 25 مارچ 2016 21:09

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہمیشہ جمہوریت کو دوام اور آمریت کو زوال حاصل ہوتا ہے ٗ، جمہوری قوتوں کو آمریت کا حصہ نہیں بننا چاہیے ٗ نواز شریف تیسری مرتبہ وزیر اعظم بنے ٗ عوام کی محبت سے چوتھی مرتبہ بھی وزیراعظم بنیں گے ٗ مشتاق منہاس کو صحافت کی طرح سیاسی سفر میں بھی محبت حاصل رہے گی۔

جمعہ کو میڈیا ٹاؤن میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشتاق منہاس نے صحافی برادری کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹی ڈویلپ کی، وہ سیاست میں بعد میں آئے یہی ان کی ایمانداری کا سرٹیفکیٹ ہے ٗاب وہ باغ، کشمیر اور پاکستان کیلئے خدمات سرانجام دینگے۔ انہوں نے کہا کہ مشتاق منہاس کی محنت کا صلہ ہے کہ میڈیا ٹاؤن آباد ہوا جو ایک بہترین ہاؤسنگ پراجیکٹ ہے اور یہ حکومتی ریونیو میں بھی اضافہ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشتاق منہاس نے صحافی برادری کیلئے ایک ماڈل کالونی بنا کر ثابت کیا ہے کہ محنت کے ساتھ لوگوں کے مسائل حل کئے جا سکتے ہیں جو صحافت کے بعد اب میدان سیاست میں داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے محنتی لوگ اچھے لگتے ہیں جو اپنا راستہ خود تراشتے ہیں اور خود بھی منزل پر پہنچتے ہیں اور دوسروں کو بھی منزل پر پہنچاتے ہیں، سیاست میں ایسے ہی لوگوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف تیسری مرتبہ وزیراعظم بنے جو عوام کی محبت سے چوتھی مرتبہ بھی وزیراعظم بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سردار عتیق نے اپنی ہی جماعت کے منتخب وزیراعظم فاروق حیدر کیخلاف عدم اعتماد لا کر پارٹی کیخلاف سازش کی۔ سردار عتیق کے ساتھ سیاست نہیں ہو سکتی کیونکہ ہم میں سے کوئی تصور نہیں کر سکتا کہ وہ آمریت کے ہاتھ کی چھڑی بنے یا اس کی جیب کی گھڑی بنے۔

انہوں نے کہا کہ مشتاق منہاس جیسے صحافیوں نے بے لوث ہو کر صحافی برادری کی خدمت کی۔ مشتاق منہاس نے میڈیا ٹاؤن کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنے ساتھی صحافیوں کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کیلئے متعدد ملاقاتیں کیں۔ فنڈز کی قلت کے باوجود حکومت پنجاب نے میڈیا ٹاؤن کی ڈویلپمنٹ کیلئے اخراجات کئے ۔مشتاق منہاس صحافیوں کے ہاؤسنگ پراجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام تر کوششیں کرتے رہے ۔ قبل ازیں معروف صحافی فاروق فیصل خان، سعود ساحر، رانا طاہر، افضل بٹ نے اپنے خطاب میں صحافتی برادری کی خدمات کیلئے مشتاق منہاس کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ صحافت کی طرح میدان سیاست میں بھی کامیابیوں کا سفر جاری رکھیں گے۔