ٹیکس نیٹ میں اضافے اور وصولیوں کی شرح میں بہتری آنے پر صوبائی سطح پر ٹیکس ریٹ میں کمی کر دی جائیگی ‘ وزیر خزانہ پنجاب

حکومت درست سمت کی جانب قدم بڑھا چکی اب نہ تو ہماری اکانومی زیادہ دعرصہ تک بحران کا شکار رہے گی اور نہ ہی معاشرے کا غریب طبقہ مزید بوجھ سے لادا جائے گا ‘ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کا سمینار سے خطاب

جمعہ 25 مارچ 2016 20:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے عدم استحکام کی بڑی وجہ دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ ہے ، آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور صوبائی سطح پر ہائیڈرل ،ونڈ اور کول پاور پلانٹ جیسے منصوبے معیشت کی بحالی کی جانب حکومت پنجاب کی سنجیدہ کوششیں ہیں جن سے ایک طرف سے تو عام آدمی کا معیارزندگی بہتر ہو گا تو دوسری طرف بیرونی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں عدم دلچسپی پر قابو پایا جا سکے گا،حکومت درست سمت کی جانب قدم بڑھا چکی ہے اب نہ تو ہماری اکانومی زیادہ دعرصہ تک بحران کا شکار رہے گی اور نہ ہی معاشرے کا غریب طبقہ مزید بوجھ سے لادا جائے گا ۔

ان حیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور حمید نظامی پریس انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان کے اشتراک سے’’ ٹیکس گزاروں کے حقوق، صورتحال اور تقاضے‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ ٹیکس کلچر کا فروغ وقت کی اہم ضرور ت ہے۔تاہم اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ پہلے سے ٹیکس کے بوجھ تلے دبے غریب عوام کو زمین بوس کر دیا جائے - پنجاب ریونیو اتھارٹی کے قیام کا مقصد ٹیکس ریٹ میں اضافہ نہیں بلکہ ٹیکس نیٹ کا پھیلاؤ ہے - یعنی زیادہ آمدن والے ٹیکس نادہندگان سے محصولات کی وصولی، وصولیوں کے نظام کی شفافیت اور ٹیکس گزاروں کو سہولیات کی فراہمی ہے - انہوں نے کہا کہ 100 ملین کی آبادی والے اس صوبہ کے 70 فیصد کو جو نوجوانوں پر مشتمل ہے تعلیم اورصحت کی بہترین سہولیات اور ایسی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے جن کے استعمال سے وہ نہ صرف اپنا روزگار خود پیدا کر سکیں بلکہ صوبے میں سرمایہ کاری بھی کر سکیں ، حکومت کے وسائل میں اضافہ از حد ضروری ہے - اس ضمن میں نجی شعبہ کی شمولیت تقویت کا باعث بنے گی - چیمبر آف کامرس کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے آنے والی شکایات اور صنعتکاری میں درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ چیمبر میں بار بار آنے کا مقصد تاجروں کے مسائل کا حل اور حکومتی تعاون کی یقین دہانی ہے -ترقی کی شرح میں اضافے کے لئے مقامی صنعتوں کا فروغ حکومتی پالیسی کا اہم جزو ہے -صوبائی وزیر نے صنعتکاروں کو یقین دلایا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافے اور وصولیوں کی شرح میں بہتری آنے پر صوبائی سطح پر ٹیکس ریٹ میں کمی کر دی جائے گی اور ادائیگیوں کے حوالے سے سفارش کردہ شرائط پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا - انہوں نے کہا کہ پی آر اے ٹیکس گزاروں کو ہراساں کرے گی اور نہ ہی ان کے لئے مشکلات میں اضافہ کرے گی -حکومت صوبائی محکموں کے اندرونی آڈٹ کا بہترین نظام متعارف کروا رہی ہے - سیمینار سے وائس چیئر مین لائزن کمیٹی لاہور ٹیکس بار عمر ظہیر میر ، پروفیسر آف اکنامکس یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب ڈاکٹر قیس اسلم ، کالمسٹ مجاہد منصوری اور ڈائریکٹرحمید نظامی پریس ابصار عبدالعلی نے بھی خطاب کیا - اس موقع پر سینئر وائس پریزیڈنٹ چیمبر آف کامرس الماس حیدر ، پریزیڈنٹ ناصر سعید اور دیگر معزز ممبران بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :