لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سے عوام کی پریشانی کا خاتمہ ہو گا ‘میاں یاور زمان

زمینوں کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن ایک انقلابی قدم ہے ‘صوبائی وزیر آبپاشی

جمعہ 25 مارچ 2016 20:21

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے کہ ہے کہ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سے عوام کی پریشانی کا خاتمہ ہو گا اور انہیں دفتروں کے دھکے نہیں کھانا پڑیں گے ،اس سسٹم کی بدولت پٹوار کلچر کے ظالمانہ نظام کا خاتمہ ہو گا اور عوام کو بغیر کسی سفارش کے زمینوں کی فرد ملکیت ملے گی اور انتقال کا عمل مکمل ہو گا ۔

یہ بات انہوں نے گوجرانوالہ میں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سنٹر کے دورہ کے موقع پر سائلین اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ڈی سی او گوجرانوالہ عامر جان ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔صوبائی وزیر آبپاشی نے اس سے پہلے ڈی سی او آفس میں متعلقہ محکموں صحت ، تعلیم ، ریونیو اور مواصلات کے ضلعی افسران کی میٹنگ کی صدارت کی ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او گوجرانوالہ عامر جان نے صوبائی وزیر کو محکمہ تعلیم ، صحت ، ریونیو اور مواصلات کے ضلعی محکموں کی کارکردگی اور مختلف ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ صوبائی وزیر نے افسران کو تمام محکموں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سنٹر کے دورے کے دوران وہاں پر موجود سائلین کے مسائل اور ان کی شکایات کے فی الفور ازالے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو ایکشن لینے کا حکم دیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ زمینوں کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن ایک انقلابی قدم ہے اس نظام کے نفاذ سے عوام کی تکالیف کا ازالہ ہو گا - انہوں نے کہا کہ اس نظام میں موجود کمی کو جلد دور کر لیا جائے گا ۔