شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، میرسرفراز بگٹی

دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے ٹھوس حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے ،ضرب عضب قیام امن کیلئے مفید ثابت ہورہا ہے،وزیر داخلہ بلوچستان

جمعہ 25 مارچ 2016 20:14

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء ) صوبائی وزیر داخلہ وقبائلی امور میرسرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے ٹھوس حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے ہیں۔ آپریشن ضرب عضب امن کے قیام کے لئے مفید ثابت ہورہا ہے۔ بلوچستان کو بہت جلد امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ داخلہ وقبائلی امور کے زیراہتمام یوم شہداء کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی مشیر اطلاعات سردار رضا محمد بڑیچ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن، صوبائی سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی، آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب ودیگر اعلیٰ ملٹری وسول حکام کے علاوہ شہدا کے لواحقین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور ان میں ملوث عناصر کا بہت جلد قلع قمع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کے قیام کے لئے فوج، ایف سی، پولیس اور لیوز کے جوانوں نے اس ملک کی حفاظت کے لئے اپنے قیمتی جانوں کا نظرانہ پیش کیا ہے جس کے باعث صوبہ کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک عظیم قربانیوں کے بعد وجود میں آیا جس کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے یہ ملک قائم ہے اور ہمیشہ قائم رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اداروں کے جن نوجوانوں نے اس ملک کی خاطر قربانی دے کر شہادت کا رتبہ حاصل کیا ہے ان کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے مخاطب ہوکر کہا کہ ان کے لئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ ان کو جو مسائل درپیش ہیں ان کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔ قبل ازیں تقریب میں شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا وفاتحہ خوانی کی گئی، آخر میں شہدا کے لواحقین کو شیلڈز اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔

متعلقہ عنوان :