پاکستان کا دشمن صرف بھارت ہے ،جوہری پروگرام بھارتی جارحیت سے نمٹنے کیلئے ہے ٗ خالد قدوائی

کوئی بھی پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کو چرا نہیں سکتا ٗ ہاور ڈ کینیڈی سکول کی حالیہ رپورٹ بے بنیاد ہے پاکستان اپنے میزائل اور جوہری پروگرام پر معذرت خواہ نہیں اور اسے کسی صورت ختم نہیں کیا جائیگا ٗخطاب

جمعہ 25 مارچ 2016 20:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مارچ۔2016ء) نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد قدوائی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے پاس جوہری ہتھیار موجود ہیں۔انسٹیٹیوٹ آف اسٹرٹیجک اسٹڈیز میں جوہری سیکیورٹی کیلئے پاکستان کا کردار موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دشمن صرف بھارت ہے اور ہمارا جوہری پروگرام بھارتی جارحیت سے نمٹنے کیلئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جوہری ہتھیاروں کی موجودگی کے باعث جنگ کا امکان بہت کم ہے ٗ جنگ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود تنازعات کو حل کرنے کا کوئی آپشن نہیں ٗ لہذا سفارتی اور سیاسی حکمت عملی کو ترجیح دی جانی چاہئے۔

(جاری ہے)

ہاورڈ کینیڈی اسکول کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے جنرل ریٹائرڈ خالد قدوائی نے اسے بے بنیاد قرار دیا اور واضح کیا کہ کوئی بھی پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کو چرا نہیں سکتا۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے مشیر نے کہا کہ پاکستان نے اپنے جوہری ہتھیاروں کی سیکیورٹی اور تحفظ کیلئے مضبوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو تشکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے میزائل اور جوہری پروگرام پر معذرت خواہ نہیں اور اسے کسی صورت ختم نہیں کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد قدوائی نے کہاکہ پاکستان کے دفاع کیلئے جوہری پروگرام کو جاری رکھا جائے گا۔بھارت کے نیوکلیئر سپلائر گروپ (این ایس جی) تک رسائی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دوست این ایس جی میں موجود ہیں اور اپنے اسٹرٹیجک مفادات کے تحفظ کے لیے سفارتی سطح پر تمام اقدامات کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :